اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستانی معیشت بتدریج استحکام کے بعد تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہو چکی ہے جس کا اعتراف اب عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے، حکومتی اصلاحاتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں جس کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور معیشت میں مثبت اشاریے ظاہر ہو رہے ہیں۔امریکی جریدے یو ایس اے ٹو …
پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن، عالمی سطح پر اعتراف

مزید خبریں
اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستانی معیشت بتدریج استحکام کے بعد تیز رفتار ترقی کی جانب گامزن ہو چکی ہے جس کا اعتراف اب عالمی سطح پر بھی کیا جا رہا ہے، حکومتی اصلاحاتی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں جس کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور معیشت میں مثبت اشاریے ظاہر ہو رہے ہیں۔امریکی جریدے یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق پاکستان نئی بنیادوں پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہترین معاشی اصلاحات اور نجی شعبے میں جدت نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظرنامے کو نمایاں طور پر تبدیل کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان مستحکم ادارہ جاتی نظم و ضبط، بہتر میکرو اکنامک صورتحال اور اہم شعبوں میں مضبوط قیادت کے ساتھ 2026 میں داخل ہو رہا ہے، یہ تمام عوامل پاکستان کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے لئے ایک مضبوط اور مواقع سے بھرپور مارکیٹ کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔یو ایس اے ٹو ڈے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بینکنگ شعبے نے ڈیجیٹل رجحان کو اپناتے ہوئے صارفین کو جدید سہولیات فراہم کی ہیں جبکہ ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ کا شعبہ بھی بین الاقوامی سطح پر تیزی سے شناخت حاصل کر رہا ہے جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ توانائی کی مستحکم فراہمی کے باعث مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور برآمدی خدمات کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، میکرو اکنامک استحکام میں بہتری آنے سے بڑے مینوفیکچررز نے آٹوموٹو صنعت میں سرمایہ کاری شروع کر دی ہے۔ٹیکسٹائل، فرٹیلائزر، پیکجنگ اور ویلیو ایڈڈ فوڈ پروڈکشن جیسے تیزی سے ترقی کرتے شعبوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ معدنیات کا شعبہ بھی پاکستان میں ایک تیزی سے ابھرتا ہوا سیکٹر بن رہا ہے۔
یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق پاکستان کی ہاؤسنگ مارکیٹ اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کا مرکز بن چکی ہے جبکہ سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے اہم مواقع سامنے آ رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نجی شعبے کے ساتھ مل کر طویل مدتی ترقی کی بنیادیں مضبوط کر رہا ہے، نجی شعبہ نہ صرف مزید مستحکم ہو رہا ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور عالمی معیشت کے ساتھ ہم آہنگ بھی ہوتا جا رہا ہے جو پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔








