پاک فوج نے بھارت کو میدان جنگ میں شکست دی،یہ پورے پاکستان اور عوام کی جیت ہے،بلاول بھٹوزرداری

لاڑکانہ ۔27دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہم سب کی بڑی فتح یہ تھی کہ مئی کے مہینے میں ہماری پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ نے بھارت کو میدان جنگ میں شکست دی،یہ یقیناً پورے پاکستان اور پاکستانی عوام کی جیت ہے، اس جیت کے بعد پاکستان کو پوری دنیا میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے، گڑھی خدا بخش قربانیوں …

لاڑکانہ ۔27دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہم سب کی بڑی فتح یہ تھی کہ مئی کے مہینے میں ہماری پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ نے بھارت کو میدان جنگ میں شکست دی،یہ یقیناً پورے پاکستان اور پاکستانی عوام کی جیت ہے، اس جیت کے بعد پاکستان کو پوری دنیا میں مقبولیت حاصل ہوئی ہے، گڑھی خدا بخش قربانیوں کی علامت ہے،قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی رکھی ہوئی بنیادوں پر پاکستان ایٹمی قوت بنا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں دفاعی و میزائل ٹیکنالوجی مضبوط ہوئی اور صدر آصف علی زرداری کے دور میں چین سے جدید دفاعی صلاحیتیں اور سی پیک کی بنیاد نے پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا،یہ وہ کامیابیاں ہیں جو پاکستان کی طاقت بنیں اور جن کی حقیقت آج بھی دشمنوں کیلئے ناقابلِ ہضم ہے۔

گڑھی خدا بخش بھٹو میں شہیدبے نظیربھٹو کی برسی کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سے بڑی پاک چین دوستی جس کی بنیاد شہید قائد عوام نے رکھی اور اسے شہید محترمہ بینظیر بھٹو آگے لے چلیں، صدر آصف علی زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھی اور اس دوستی کو کہاں سے کہاں تک لے گئے، جس کے نتیجے میں پاکستان نے فتح حاصل کی، یہ بھارت کو ہضم نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سن کر بھارت کا مودی چھپ جاتا ہے، دنیا کے بڑے فورمز، اقوام متحدہ یا دیگر فورمز میں جہاں بھارتی وزیراعظم بڑی بڑی تقریریں کرتا اور پاکستان کے خلاف بولتا تھا، وہیں بھارتی وزیراعظم مئی کی چند راتوں کے بعد غائب ہوگئے، پاک فوج اور عوام کی یہ بڑی کامیابی ہے،میں آپ کو اس پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل آپ سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، ہمیں معاشی، دہشت گردی، سیکورٹی، سیاسی بحران جیسے مسائل درپیش ہیں، کوشش ہے کہ ان بحرانوں کا مقابلہ کریں اور پاکستانی عوام کو ان مسائل سے نکالیں، پارلیمنٹ میں 27ویں آئینی ترمیم منظور کر لی گئی، پاکستان کی پارلیمنٹ میں بہت سی ترامیم منظور ہو چکی ہیں، 18ویں ترمیم کی تجویز این ایف سی کا آئینی تحفظ، صوبوں کے حقوق یہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل پر قابو پانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے،

بانی پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی عروج پر تھی تاہم اب بہت بہتری آئی ہےجبکہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بھی بچا لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہیدبی بی کو ہم سے جدا ہوئے 18 سال گزر گئے ہیں، ان قوتوں، قاتلوں اور دہشت گردوں کے لئے سب سے بڑا جواب آپ ہیں، جو ہر سال آپ پاکستان کے چاروں صوبوں سے بڑی تعداد میں یہاں جمع ہوتے ہیں اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کل بھی زندہ تھیں، آج بھی زندہ ہیں، ہم آپ کے تعاون اور محبت کے مشکور ہیں۔

 

مزید خبریں