پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے)طے پانے کے قوی امکانات ہیں،تاجکستان میں پاکستانی سفیر محمد سعید سرور کی گفتگو

دوشنبے۔28دسمبر (اے پی پی):تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے)طے پانے کے قوی امکانات موجود ہیں جس سے تجارتی آزادی کو فروغ ملے گا اور علاقائی معاشی انضمام مضبوط ہوگا، آنے والے برسوں میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 300 ملین ڈالر تک پہنچ سکتا ہےجس میں دونوں ممالک کی کاروباری …

دوشنبے۔28دسمبر (اے پی پی):تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے)طے پانے کے قوی امکانات موجود ہیں جس سے تجارتی آزادی کو فروغ ملے گا اور علاقائی معاشی انضمام مضبوط ہوگا، آنے والے برسوں میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 300 ملین ڈالر تک پہنچ سکتا ہےجس میں دونوں ممالک کی کاروباری برادریاں ممکنہ شعبوں کو باہم مربوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔سفیر محمد سعید سرورنے یہ باتیں دوشنبے میں پاکستانی سفارت خانے میں پاکستانی میڈیا کے 8 رکنی وفد اور مقامی تاجروں کے ساتھ مشترکہ تعارفی نشست کے دوران کہی۔

انہوں نے حلال گوشت کے شعبے میں وسیع مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ،تاجکستان کو ایک لاکھ 43 ہزار ٹن حلال گوشت برآمد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے جس کی مالیت 14.5 ملین ڈالر ہےاور اس سے حلال مصنوعات کی تجارت میں مزید وسعت ملے گی۔براہِ راست پروازوں کے حوالے سے سفیر نے ان کی باقاعدہ بحالی کے لیے مؤثر مارکیٹنگ اور ٹریول ایجنٹس کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پروازوں کی بحالی سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور باہمی سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تاجکستان ۔پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے جو علاقائی معاشی انضمام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

وسطی ایشیائی ممالک خصوصاً تاجکستان۔ پاکستان کے لیے نہایت اہم ہیں اور دونوں ممالک مستقبل میں معاشی و تجارتی روابط مزید گہرے کرنے کے لیے تیار ہیں۔سفیر نے تاجکستان کی مضبوط معیشت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سالانہ جی ڈی پی نمو 8 فیصد ہےجو اس کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کی عکاس ہے۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی تبادلوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رواں برس مئی میں تاجکستان کا دورہ کیا۔حال ہی میں تاجکستان کے وزیر ثقافت نے اسلام آباد میں پہلی مرتبہ تاجک ثقافتی ہفتے کا افتتاح کیاجو عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کی علامت ہے۔

تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ایمان، تاریخ، ثقافت اور ادب میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے تاجکستان کی آزادی کو تسلیم کیا اور سفارتی تعلقات قائم کیے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مضبوط تاریخی، ثقافتی، سماجی، لسانی اور مذہبی رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں۔آخر میں سفیر نے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور علمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔