ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس ، نکاسی آب اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی سے متعلق انتظامات کا جائزہ

اسلام آباد میں مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نشیبی علاقوں میں نکاسی آب، امدادی کارروائیوں، ریسکیو آپریشنز اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد میں مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نشیبی علاقوں میں نکاسی آب، امدادی کارروائیوں، ریسکیو آپریشنز اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

منگل کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں سی ڈی اے سینیٹیشن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ایم اے) اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ حکام کی جانب سے تمام نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ جاری امدادی کارروائیوں اور ریسکیو آپریشنز کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں شہر کی تمام اہم شاہراہوں پرٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام نشیبی علاقوں کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنانے کی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں غوری ٹاؤن اور ای الیون میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے امدادی کارروائیوں کے دوران ریسپونس ٹائم مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مون سون بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔