امریکا کی ٹینس سٹار کوکوگف کاشاندار فتح کے ساتھ یو ایس اوپن ویمنز سنگلز میں فاتحانہ آغاز

امریکا کی 22 سالہ نامور ٹینس سٹار کوکو گف نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2026 میں شاندار فتح کے ساتھ سفر کا فاتحانہ انداز میں آغاز کر دیا۔

نیویارک ۔2ستمبر (اے پی پی):امریکا کی 22 سالہ نامور ٹینس سٹار کوکو گف نے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2026 میں شاندار فتح کے ساتھ سفر کا فاتحانہ انداز میں آغاز کر دیا۔

میگا ایونٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کی فورتھ سیڈڈ 22 سالہ کوکوگف نے ویمنز سنگلز کے ابتدائی میچ میں ترکیہ کی حریف ٹینس کھلاڑی زینپ سونمیز کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی۔ بی بی سی کے مطابق رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں، جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

آرتھر ایش سٹیڈیم میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی میچ میں عالمی نمبر 4 کھلاڑی کوکوگف نے کامیابی کے دوران اپنی بہتر اور پُراعتماد سروس سے حریف کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔کوکوگف کے لیے گزشتہ سال یو ایس اوپن انتہائی مشکل رہا تھا، جہاں ان کی سروس میں مسلسل خامیوں اور ڈبل فالٹس نے ان کی کارکردگی متاثر کی تھی۔ ٹورنامنٹ سے قبل انہوں نے اپنے کوچنگ سٹاف میں تبدیلی کرتے ہوئے بایومکینکس کے ماہر گیون میک ملن کی خدمات حاصل کیں، جنہوں نے سروس ایکشن میں معمولی تکنیکی تبدیلیوں کے ذریعے ان کی خامیوں پر کام کیا۔ایک سال بعد کوکوگف کی سروس میں نمایاں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ سونمیز کے خلاف پہلے سیٹ میں انہوں نے پہلی سروس پر 93 فیصد پوائنٹس جیتے، جبکہ میچ کے دوران کئی بار 112 سے 120 میل فی گھنٹہ کے قریب رفتار سے سروسز پھینکی ۔

دوسرے سیٹ میں زینپ سونمیز نے 2-2 سے مقابلہ برابر کرتے ہوئے کوکوگف کے خلاف 3 بریک پوائنٹس بھی حاصل کیے، تاہم امریکی کھلاڑی نے اہم موقع پر عمدہ سروسز کے ذریعے گیم بچا لیا۔ اس کے بعد کوکوگف نے فوری بریک حاصل کیا اور بالآخر 4-6 سے سیٹ جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔کوکوگف نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اب انہیں اپنی سروس پر کہیں زیادہ اعتماد ہے اور وہ ہر سروس پر 110، 115 یا 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب انہیں یقین ہوتا ہے کہ طاقتور سروس کے بعد حریف کے لیے گیند واپس کرنا آسان نہیں ہوگا۔کوکوگف جو 2023 میں یو ایس اوپن جیت کر اپنا پہلا گرینڈ سلام سنگلز ٹائٹل حاصل کر چکی ہیں، دوسرے راؤنڈ میں سپین کی پاؤلا بادوسا یا آسٹریلیا کی ڈاریا کاساتکینا کا سامنا کریں گی۔