سالِ نو کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد ، دعا کی ہے کہ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سالِ نو ’’2026 ‘‘کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار اور دعا کی ہے کہ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ 2026 کا سورج ملکِ عزیز پاکستان اور دنیا …

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سالِ نو ’’2026 ‘‘کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار اور دعا کی ہے کہ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ 2026 کا سورج ملکِ عزیز پاکستان اور دنیا بھر کے مظلوم و محروم عوام کے لیے خوشحالی، استحکام اور بہتری کی نوید لے کر طلوع ہو۔

انہوں نے کہا کہ نئے سال کا آغاز ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں اور ایک روشن اور پُرامن مستقبل کے لئے مل کر کام کریں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2025 کے دوران دنیا کو سنگین معاشی، سیاسی، سلامتی اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا رہا، میری دعا ہے کہ نیا سال بھوک، غربت، جنگ، دہشت گردی، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم جیسے مسائل کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ امن و خوشحالی کے قیام کے لیے عالمی سطح پر باہمی احترام، برداشت اور تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نئے سال کے آغاز پر ہم سب کو اللہ تعالیٰ کے حضور دعاگو ہونا چاہیے کہ ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کا بول بالا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کے لیے قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش تنازعات اور مسائل کا پائیدار حل صرف اور صرف مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے جبکہ دہشت گردی جیسے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور مربوط لائحہ عمل ناگزیر ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئیں نئے سال کے آغاز پر ہم یہ عہد کریں کہ قائدِاعظم محمد علی جناحؒ اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے تصور کے مطابق پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد کی امانت ہے اور ہم سب پر فرض ہے کہ اس کی حفاظت، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور اسے مضبوط، پُرامن اور ترقی یافتہ ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔