لاہور۔1جنوری (اے پی پی):پاکستان ریلویز نے مالی سال2025-26 کے دوران فریٹ سیکٹر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چھ ماہ میں17 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ آمدن حاصل کر لی ہے۔ترجمان کے مطابق کئی روز کی ہڑتال کے باوجود نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں بھی فریٹ سیکٹر سے مسلسل3 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا گیا، جو ادارے کی مضبوط حکمتِ عملی اور آپریشنل استحکام …
پاکستان ریلویز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا، حنیف عباسی

مزید خبریں
لاہور۔1جنوری (اے پی پی):پاکستان ریلویز نے مالی سال2025-26 کے دوران فریٹ سیکٹر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چھ ماہ میں17 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ آمدن حاصل کر لی ہے۔ترجمان کے مطابق کئی روز کی ہڑتال کے باوجود نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں بھی فریٹ سیکٹر سے مسلسل3 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا گیا، جو ادارے کی مضبوط حکمتِ عملی اور آپریشنل استحکام کا واضح ثبوت ہے۔وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ رفتار برقرار رہی تو مالی سال کے اختتام تک صرف فریٹ سیکٹر سے38 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ2026 میں پاکستان ریلویز پہلی مرتبہ ایک کھرب روپے آمدن حاصل کرنے والا قومی ادارہ بن جائے گا،جو ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہو گا۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ2026 کے اختتام تک تمام ٹرینوں کو مرحلہ وار اپ گریڈ کر دیا جائے گا تاکہ مسافروں کو بہترین،محفوظ اور آرام دہ سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ سال ٹرینوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کی جائے گی اور پاکستان ریلویز کی مکمل ڈیجیٹائزیشن عمل میں لائی جائے گی۔ریلوے پولیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے کہا کہ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی جا چکی ہے،جس کے نتیجہ میں مسافروں کو دورانِ سفر تحفظ اور اعتماد کا احساس ملے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستان ریلویز پولیس ملکی78 سالہ تاریخ کی بہترین پولیس فورس بن کر سامنے آئی ہے۔
وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ شفاف ریکروٹمنٹ کے ذریعے اہل اور قابل افراد کی بھرتی کی گئی ہے،بغیر ٹکٹ سفر اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ چوری کے واقعات پر بھی موثر انداز میں قابو پا لیا گیا ہے۔وزیرِ ریلوے کے مطابق ریلوے پولیس کی مجموعی کارکردگی مثالی ہے اور یہ فورس تیزی سے پاکستان کی بہترین قانون نافذ کرنے والی فورسز میں شامل ہو رہی ہے۔
وزیرِ ریلوے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلویز کو مالی طور پر مضبوط،مسافروں کے لیے محفوظ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل پوری تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔







