اسلام آباد۔ 03 جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آ فریدی نے پنجاب بھر میں ضلعی عدالتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کے عزم کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے عدالتی انفراسٹرکچر میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ہفتہ کو اجلاس میں بالخصوص ضلعی عدالتوں میں …
پنجاب بھر میں ضلعی عدالتوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا پنجاب حکومت کا عزم قابلِ ستائش ہے، چیف جسٹس آف پاکستان
اسلام آباد۔ 03 جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آ فریدی نے پنجاب بھر میں ضلعی عدالتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کے عزم کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے عدالتی انفراسٹرکچر میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ہفتہ کو اجلاس میں بالخصوص ضلعی عدالتوں میں پائیدار اور قابلِ اعتماد توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، چیف سیکرٹری حکومتِ پنجاب، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری توانائی، ممبر پلاننگ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلعی عدالتوں کی سولرائزیشن کے لیے حکومتی فنڈنگ اور پالیسی معاونت پر تفصیلی غور کیا گیا تاکہ ان علاقوں میں بھی عدالتی خدمات کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے جہاں بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا رہتا ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت پنجاب بھر کی عدالتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی ،جہاں بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن نہ ہو، وہاں 31 اگست 2026 تک جدید سولر انرجی سسٹمز فراہم کیے جائیں گے تاکہ عدالتی امور بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے پنجاب حکومت کے فعال کردار اور مضبوط عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ قابلِ اعتماد توانائی کا نظام بروقت انصاف کی فراہمی، عدالتی کارکردگی اور نظامِ انصاف پر عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ اقدامات نہ صرف عدالتوں کی فعالیت اور استعداد کار میں اضافہ کریں گے بلکہ پائیداری، ماحولیاتی تحفظ اور طویل المدتی اخراجات میں کمی کا بھی باعث بنیں گے۔
چیف جسٹس نے اس امر پر زور دیا کہ عدالتی اصلاحات کے لیے عدلیہ اور انتظامیہ کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے اور اس ضمن میں اعلیٰ سطح پر دکھایا گیا باہمی اشتراکِ عمل قابلِ تحسین ہے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کئے گئے فیصلوں اور وعدوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ پنجاب بھر میں انصاف تک رسائی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور ادارہ جاتی حکمرانی کو فروغ ملے۔









