اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں شہریوں میں صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) نے ہفتہ کو F-7 پارک میں پہلی آرگینک مارکیٹ کا کامیاب انعقاد کیا۔ یہ مارکیٹ نہ صرف ایک خریداری کا مرکز تھی بلکہ صحت مند طرز زندگی اور کمیونٹی کے باہمی ربط کا پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔سی ڈی اے کی …
اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیراہتمام F-7 پارک میں پہلی آرگینک مارکیٹ کا کامیاب انعقاد
اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں شہریوں میں صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) نے ہفتہ کو F-7 پارک میں پہلی آرگینک مارکیٹ کا کامیاب انعقاد کیا۔ یہ مارکیٹ نہ صرف ایک خریداری کا مرکز تھی بلکہ صحت مند طرز زندگی اور کمیونٹی کے باہمی ربط کا پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موسم سرما کی خوشگوار دھوپ میں سجی اس مارکیٹ نے پارک کے قدرتی حسن کو دوبالا کردیا۔ اس میں قدرتی، کیمیائی مادوں سے پاک، تازہ اور صحت بخش غذائی اجناس اور مصنوعات کے اسٹالز نے شہریوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ مارکیٹ میں بچوں اور فیملیز کیلئے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جسکی وجہ سے یہ تفریح اور صحت دونوں کا حسین امتزاج بن گئی۔مجموعی طور پر 20 منتخب وینڈرز نے مارکیٹ میں اپنے اسٹالز لگائے، جن میں تازہ پھل اور سبزیاں، ہوم میڈ بیکری آئٹمز اور اعلیٰ معیار کے پنیر شامل تھے۔
شہریوں نے ان قدرتی مصنوعات کی بھرپور پذیرائی کی اور صحتمند متبادل کے طور پر ترجیح دیتے ہوئے خریداری کا لطف اٹھایا۔اس موقع پر شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسطرح کے صحتمندانہ اقدام اور تازہ مصنوعات نے خریداری کا لطف ہی دوبالا کردیا ۔ صارفین نے کہا کہ ایسی صحت بخش اور معیاری مصنوعات کی دستیابی ایک بہترین اقدام ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پارک کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔چیف آفیسر اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ یہ اقدام پارکس کو مشترکہ کمیونٹی اسپیسز کے طور پر فروغ دینے کی ہماری کوشش کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی نامیاتی مارکیٹ ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہری صحت مند طرز زندگی اور معیاری مصنوعات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے شعور کو اپنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی ایسے اقدامات کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ مارکیٹ ہمارے شہریوں کو انکے قریب ترین پارک میں صحت بخش مصنوعات تک رسائی فراہم کرنے کا بھی ایک ذریعہ ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایسے کامیاب بازار کے انعقاد سے ہم نہ صرف صحتمند معاشرے کی بنیاد رکھ رہے ہیں بلکہ شہریوں کو پارکس کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال کی طرف بھی راغب کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جلد ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی ایسی ہی صحت بخش مارکیٹس کے انعقاد کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری فائدہ اٹھا سکیں۔









