اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کا کانووکیشن بحریہ آڈیٹوریم کارساز کراچی میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے تقریب کی میزبانی کی۔اتوار کو اوپن یونیورسٹی سے جاری بیان کے مطابق کانووکیشن میں یونیورسٹی کے چاروں ڈینز، اساتذہ کرام، فیکلٹی ممبران، پرنسپل افسران کے علاوہ سندھ بھر میں قائم علامہ …
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کانووکیشن کاکراچی میں انعقاد
اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کا کانووکیشن بحریہ آڈیٹوریم کارساز کراچی میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے تقریب کی میزبانی کی۔اتوار کو اوپن یونیورسٹی سے جاری بیان کے مطابق کانووکیشن میں یونیورسٹی کے چاروں ڈینز، اساتذہ کرام، فیکلٹی ممبران، پرنسپل افسران کے علاوہ سندھ بھر میں قائم علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے سربراہان، مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور ممتاز سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے تعلیمی تعلق اس ادارے کی عظمت اور وقار کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو اس جامعہ کی طالبہ رہ چکی ہیں، جو نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا یہ وژن تھا کہ ایک ایسے تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی جائے جو عام آدمی تک تعلیم پہنچا سکے۔ اس دور میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا کی چند ابتدائی اوپن یونیورسٹیوں میں شامل تھی اور آج فاصلاتی تعلیم ایک عالمی حقیقت بن چکی ہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سندھ میں معیاری اور قابلِ اعتماد تعلیمی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت سندھ میں یونیورسٹی کے طلبہ کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جو عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں یونیورسٹی کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جائے گی اور نئے ماڈل اسٹڈی سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کو بھی معیاری تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔ کانووکیشن کے دوران کامیاب طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ شرکاء نے تقریب کے شاندار انعقاد اور بہترین انتظامات کو بھرپور سراہا۔









