مسئلہ کشمیر تقسیمِ پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ، سردار ایاز صادق

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دینا عالمی برادری کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے، مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کا منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔ اتوار کو یومِ حقِ خودارادیتِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام …

اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دینا عالمی برادری کی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے، مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کا منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔ اتوار کو یومِ حقِ خودارادیتِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اپنے حق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں تاہم انہیں تاحال انصاف فراہم نہیں کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی، جس کے تحت جموں و کشمیر کے عوام کو استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا، لیکن بدقسمتی سے آج تک اس قرارداد پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر کے لیے ایک بڑا امتحان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالیاں بدستور جاری ہیں، جن میں ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریاں، بنیادی انسانی آزادیوں پر قدغنیں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں شامل ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی و علاقائی فورمز پر کشمیری عوام کی آواز بن کر ان کے حقِ خودارادیت کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی جیسی عظیم نعمت حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی یومِ حقِ خودارادیتِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی بے مثال قربانیوں، استقلال اور حوصلے کی روشن مثال ہے، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کے لیے آزادی، امن اور خوشحال مستقبل کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

مزید خبریں