آستانہ ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کو اپنے جائز مقام کے حصول اور ترقی و خوش حالی کے لیے ہر شعبے میں خود کفالت حاصل کرنی چاہیے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی اور تخلیقی انداز فکر پر پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں اسلامی دنیا کے سربراہان اور …
صدر مملکت ممنون حسین کا سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی اور تخلیقی انداز فکر پر پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس سے خطاب
آستانہ ۔ 10 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کو اپنے جائز مقام کے حصول اور ترقی و خوش حالی کے لیے ہر شعبے میں خود کفالت حاصل کرنی چاہیے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی اور تخلیقی انداز فکر پر پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں اسلامی دنیا کے سربراہان اور مفکرین نے بھی شرکت کی۔صدر مملکت نے کہا کہ آج کیے گئے فیصلوں سے مسلم دنیا میں علم و حکمت کے شعبوں میں نہ صرف مزید پیش رفت ہو گی بلکہ مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوس ناک ہے کہ مسلم دنیا تعلیم و تحقیق کے شعبے میں ہم عصر دنیا سے پیچھے رہ گئی ہے جس کا اندازہ ایجادات اور پیٹینٹس کے اعدادو شمار سے ہوتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اسلامی ممالک سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کر لیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے بغیر عام آدمی کا معیار زندگی بہتر نہیں کیا جا سکتا۔صدرمملکت نے کہا کہ جدید دنیا میں اسلامی معاشرے نئے چیلنجز کا شکار ہوئے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے طبعی و عمرانی علوم دونوں میں تحقیق ضروری ہے۔









