امریکی صدر کا وینزویلا سے 30 سے ​​50 ملین بیرل تیل جلد امریکا منتقل کرنے کا اعلان

واشنگٹن ۔7جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا سے 30 سے ​​50 ملین بیرل تیل جلد امریکا منتقل کیا جائے گا، اس تیل کو مارکیٹ ریٹس پر فروخت کیا جائے گا اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس رقم کا استعمال وینزویلا اور امریکا کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا جائے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اپنےسوشل میڈیا پلیٹ …

واشنگٹن ۔7جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا سے 30 سے ​​50 ملین بیرل تیل جلد امریکا منتقل کیا جائے گا، اس تیل کو مارکیٹ ریٹس پر فروخت کیا جائے گا اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس رقم کا استعمال وینزویلا اور امریکا کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا جائے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اپنےسوشل میڈیا پلیٹ فارم، ٹروتھ سوشل پر امریکی صدر نے کہا کہ وینزویلا سے یہ تیل اسے ذخیرہ کرنے والے جہازوں کے ذریعے براہ راست امریکا لایا جائے گا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیر توانائی کرس رائٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس منصوبے کوفوری طور پر نافذ کریں۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ امریکی آئل کمپنیز وینزویلا کے زوال پذیر انفراسٹرکچر کی تعمیر نو اور اس کے تیل کے ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر تیار ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی تین بڑی آئل کمپنیز Chervon، Exxon Mobil اور ConocoPhillips کے نمائندے وینزویلا پر بات چیت کے لئے جمعہ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ تیل کی عالمی کھپت اس وقت 100 ملین بیرل یومیہ سے زیادہ جبکہ امریکا میں خام تیل کی پیداوار تقریباً 14 ملین بیرل یومیہ ہے۔

امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ30سے50 ملین بیرل تیل کتنی مدت میں امریکا منتقل کریں گے۔ تیل کی یہ مقدار وینزویلا میں تیل کی ایک ماہ کی پیداوار کے برابر ہے۔ امریکی صدر وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو واپس لینے اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے ان کی انتظامیہ کے اغوا کے تناظر میں لاطینی امریکی ملک کی کمزور توانائی کی صنعت کو بحال کرنے کا پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں تیل کی پیداوار کو اس کی 1990 کی دہائی کے 3 ملین بیرل یومیہ کی بلند ترین سطح پر لے جانے کے لئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی اور اس میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

ناروے میں قائم کنسلٹنسی رائسٹڈ انرجی کے ایک اندازے کے مطابق وینزویلا کے تیل کے شعبے کو تقریباً 20 لاکھ بیرل یومیہ پیداوار کی سطح پر واپس آنے کے لیے تقریباً 110 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی۔وینزویلا کے پاس تیل کے سب سے بڑے ذخائر ہیں تاہم اس کی موجودہ پیداوار عالمی سپلائی کا ایک فیصد سے بھی کم ہے۔