کراچی ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کی قائدانہ صلاحیت اور بصیرت کے بغیر پاکستان کا معرض وجود میں آنا ممکن نہ تھا، 2013ء اور آج کے پاکستان میں بڑا فرق ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں ہمارے ساتھ مل کر انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کام کریں تاکہ آئندہ کوئی سیاسی پارٹی دھاندلی …
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی مزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو
کراچی ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کی قائدانہ صلاحیت اور بصیرت کے بغیر پاکستان کا معرض وجود میں آنا ممکن نہ تھا، 2013ء اور آج کے پاکستان میں بڑا فرق ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں ہمارے ساتھ مل کر انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کام کریں تاکہ آئندہ کوئی سیاسی پارٹی دھاندلی کا شور نہ مچا سکے، عوامی مرکز میں آگ لگنے سے کوئی اہم ریکارڈ نہیں جلا، برکس اعلامیہ سے گھبرانے والی کوئی بات نہیں ہے، ہم خود دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کالعدم تنظیموں کو تسلیم نہیں کرتے، حالات میں بہتری کے باعث ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے، ہمارے ہاں ایک لیڈر ایسے ہیں جسے ہر چیز ستیاناس اور بیڑا غرق نظر آتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روزمزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج مزار قائد پر میری حاضری کا مقصد بانی پاکستان محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا، اگر ہمیں قائد اعظم کی قیادت نہ ملتی اور ان کی بصیرت سے فائدہ نہ اٹھاتے تو شاید پاکستان کا معرض وجود میں آنا اتنا آسان نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے اپنی تقاریر میں پاکستان کے لئے جو خدوخال پیش کئے تھے وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، آج بدقسمتی سے ہمارے اندر مذہب، نسل اور زبان کی تقسیم نے زور پکڑ لیا ہے جس کی بنیادی وجہ اس ملک کی تاریخ ہے اور ہمیں جمہوری عمل کا تسلسل نہیں ملا، جب بھی غیر جمہوری ادوار آئے ہیں ان تقسیم میں شدت آئی ہے۔









