اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):اردو کے ممتاز شاعر حفیظ ہوشیار پوری کی برسی ہفتہ 10 جنوری کو منائی گئی۔حفیظ ہوشیار پوری کا اصل نام شیخ عبدالحفیظ سلیم تھا، وہ 5 جنوری 1912ء کو ضلع جھنگ میں پیدا ہوئے مگر اپنے آبائی وطن ہوشیار پور کی نسبت سے حفیظ ہوشیار پوری کہلائے۔ انہوں نے ابتدائی اور ثانوی تعلیم ہوشیار پور سے حاصل کی جبکہ گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور …
اردو کے ممتاز شاعر حفیظ ہوشیار پوری کی برسی ہفتے کو منائی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):اردو کے ممتاز شاعر حفیظ ہوشیار پوری کی برسی ہفتہ 10 جنوری کو منائی گئی۔حفیظ ہوشیار پوری کا اصل نام شیخ عبدالحفیظ سلیم تھا، وہ 5 جنوری 1912ء کو ضلع جھنگ میں پیدا ہوئے مگر اپنے آبائی وطن ہوشیار پور کی نسبت سے حفیظ ہوشیار پوری کہلائے۔
انہوں نے ابتدائی اور ثانوی تعلیم ہوشیار پور سے حاصل کی جبکہ گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور ایم کیا۔بعد ازاں حفیظ ہوشیار پوری آل انڈیا ریڈیو سے وابستہ ہوگئے اور ان کی ملازمت قیامِ پاکستان کے بعد بھی جاری رہی اور وہ ریڈیو پاکستان کے لیے علمی و ادبی مشاغل میں مصروف رہے۔
حفیظ ہوشیار پوری نے اپنی شاعری کا آغاز کیا تو ابتدا میں نظمیں بھی لکھیں اور منظوم تراجم بھی کیے مگر ان کی شناخت ان کی غزل گوئی اور تاریخ گوئی بنی۔ ان کا مجموعۂ کلام ’’مقام غزل‘‘ان کی وفات کے بعد شائع ہوا۔
حفیظ ہوشیار پوری نے دس گیارہ سال کی عمر میں ہی اردو اور فارسی میں شعر کہنے شروع کئے اور تاریخ گوئی میں بھی اپنی منفرد شناخت قائم کی۔طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد حفیظ ہوشیار پوری 10 جنوری 1973ء کو کراچی میں وفات پا گئے اور پی ای سی ایچ سوسائٹی کے قبرستان میں سپردِ خاک ہوئے۔ واضح رہے کہ تقسیمِ ہند کے بعد ریڈیو سے قیامِ پاکستان کا نشر ہونے والا اعلان حفیظ ہوشیار پوری کا ہی تحریر کردہ تھا۔








