وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام عائشہ رضا فاروق سے اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام عائشہ رضا فاروق سے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر فار پولیو ایراڈیکیشن اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر (آپریشنز) ڈاکٹر رامی محمود احمد کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران عائشہ رضا فاروق نے 2012ء سے پاکستان کے پولیو …

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام عائشہ رضا فاروق سے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر فار پولیو ایراڈیکیشن اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر (آپریشنز) ڈاکٹر رامی محمود احمد کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران عائشہ رضا فاروق نے 2012ء سے پاکستان کے پولیو خاتمے کے پروگرام کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک کی مسلسل اور بھرپور حمایت پر ادارے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفد کو پاکستان کی پولیو فری مستقبل کی جانب نمایاں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جس کے مطابق گزشتہ تین دہائیوں میں پولیو کیسز میں 99.6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ کامیابی مضبوط حکومتی قیادت، موثر نگرانی کے نظام اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2012ء سے اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مجموعی طور پر 587 ملین امریکی ڈالر کی معاونت فراہم کی گئی جس کے ذریعے ہر سال 45 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دیا گیا ہے۔

زیرو پولیو کے واضح روڈ میپ کے تحت پاکستان نے ویکسینیشن مہمات میں تیزی لائی ہے، معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کے ساتھ ہم آہنگی کو بہتر بنایا ہے اور جوابدہی کے عمل کو مزید مضبوط کیا ہے۔

بریفنگ میں اس امر کا بھی اعتراف کیا گیا کہ بعض چیلنجز جن میں بچوں تک رسائی کی مشکلات، آبادی کی نقل و حرکت، ویکسین سے ہچکچاہٹ، غلط معلومات اور بعض آپریشنل خلا شامل ہیں، اب بھی موجود ہیں۔اس کے باوجود حکومتِ پاکستان نے تمام بچوں کے لیے پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط قیادت اور قابل اعتماد شراکت داریوں کے تسلسل سے ملک پولیو کے مکمل خاتمے کے ہدف کے حصول کے لیے پرامید ہے۔