ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا خود کفیل پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانا خود کفیل پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔ وہ پیر کو یہاں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 1934 طلبہ و طالبات میں …

فیصل آباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانا خود کفیل پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔ وہ پیر کو یہاں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 1934 طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور لیپ ٹاپ کی تقسیم کا یہ اقدام پاکستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کا بنیادی مقصد میرٹ کو فروغ دینا اور باصلاحیت طلبہ کو یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں ٹیکنالوجی ناگزیر ہو چکی ہے اور وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت اب تک ملک بھر میں تقریباً چھ لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے جن میں سے 58 ہزارلیپ ٹاپ طالبات کو دئیے گئے جس سے تعلیم، تحقیق اور روزگار کے مواقع میں نمایاں بہتری آئی۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کا حصول طلبہ کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ داری بھی ہے اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ اس سہولت کو مثبت انداز میں تعلیم، جدت اور تحقیق کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور خصوصاً مصنوعی ذہانت کے زمانے میں تحقیق اور تصدیق ناگزیر ہو چکی ہے جبکہ وہ معاشرے جو تنقیدی سوچ اور حقائق پر مبنی تحقیق سے دور ہو جاتے ہیں وہ جلد زوال کا شکار ہو جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کسی بھی قوم کی مجموعی سمت کی عکاسی کرتے ہیں اور رائے عامہ پر گہرا اثر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پروپیگنڈے کے حد سے زیادہ استعمال نے سماجی اقدار کو نقصان پہنچایا، لہٰذا نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔علاقائی سلامتی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان سرخرو ہوا، جہاں پاک فضائیہ کی ٹیکنالوجی کے ساتھ جذبہ شہادت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تنازع کے دوران بھارتی میڈیا کے جھوٹے اور من گھڑت دعوؤں کے باعث بھارت کو عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور سچائی کو اجاگر کیا۔ قبل ازیں، سینیٹر رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ تقریب میں جی سی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم، مقامی پارلیمنٹیرینز، یونیورسٹی سینڈیکیٹ کے ارکان، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں