نجکاری کمیشن نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ (آئیسکو)میں نجی شعبے کی شمولیت اور نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے
آئیسکو کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 21 ستمبر تک توسیع کر دی گئی، ترجمان نجکاری کمیشن

مزید خبریں
اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):نجکاری کمیشن نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ (آئیسکو)میں نجی شعبے کی شمولیت اور نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ترجمان نجکاری کمیشن کے مطابق یہ توسیع مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو شرکت کے لیے مزید سہولت فراہم کرنے اور نجکاری کے عمل کو زیادہ مسابقتی اور شفاف بنانے کے مقصد سے کی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے نجکاری پروگرام کے تحت تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں نجی شعبے کی شمولیت کے لیے ہر کمپنی کے 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص، انتظامی کنٹرول کے ساتھ، حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔آئیسکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی نظرثانی شدہ آخری تاریخ میں 21 ستمبر 2026، شام 4:00 بجے (پاکستانی وقت) تک توسیع کی گئی ہے۔ نجکاری کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اظہارِ دلچسپی کے عمل کی دیگر تمام شرائط و ضوابط بدستور برقرار رہیں گے۔ترجمان نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ آخری تاریخ میں توسیع کا مقصد ممکنہ سرمایہ کاروں کو ضروری تکنیکی، مالی اور دیگر جائزہ جات (Due Diligence) مکمل کرنے اور اپنی اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کے لیے اضافی وقت فراہم کرنا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل سرمایہ کار نجکاری کے مسابقتی عمل میں حصہ لے سکیں۔دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار مزید معلومات اور اظہارِ دلچسپی سے متعلق دستاویزات نجکاری کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔







