کیپ ٹائون۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے …
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا خطہ میں پائیدار امن ممکن نہیں، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کا کیپ ٹائون میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے گرینڈ کنونشن سے خطاب

مزید خبریں
کیپ ٹائون۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔یہ بات انہوں نے پیر کوکیپ ٹائون سائوتھ افریقہ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ گرینڈ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
جنوبی افریقہ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا عظیم الشان کنونشن منعقد ہوا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کنونشن میں پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سائوتھ افریقہ کے تمام پارٹیوں کے پارلیمنٹیرینز بھی تقریب میں موجود تھے۔ پاکستان کے ہائی کمشنر ملک فاروق بھی اس موقع پر شریک تھے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ایک طویل تاریخ رکھتی ہیں اور بدقسمتی سے یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں معرکہ حق میں دشمن کو عبرت ناک شکست دی گئی۔وفاقی وزیر نےاوورسیز پاکستانیوں کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سائوتھ افریقہ کے حکام سے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی ہے اور وہ پاکستان کےایئرپورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں کو غیر ضروری ہراسانی سے بچانے کے لیے بھی متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔ اس کے علاوہ کیپ ٹائون میں پاکستانی قونصلیٹ کے قیام کی سفارش اور دوطرفہ تجارت بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔ پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سائوتھ افریقہ کے پارلیمنٹیرینز نے کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے نمائندوں نے تقاریر میں پاکستان کے موقف کی تائید کی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔تقریب کے اختتام پر پاکستانی کمیونٹی نےوفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کیا۔








