گل پلازہ آتشزدگی قومی سانحہ بن چکی، سیاست کا نہیں متاثرین کے ازالے کا وقت ہے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

کراچی۔ 19 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ متاثرین کے مکمل ازالے اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کا وقت ہے۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گل پلازہ پہنچ کر گزشتہ 28گھنٹوں سے جاری ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر موجود ڈپٹی کمشنر نے گورنر سندھ …

کراچی۔ 19 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ متاثرین کے مکمل ازالے اور قیمتی انسانی جانیں بچانے کا وقت ہے۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گل پلازہ پہنچ کر گزشتہ 28گھنٹوں سے جاری ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر موجود ڈپٹی کمشنر نے گورنر سندھ کو آگ بجھانے اور ریسکیو کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ 28گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا جس کے باعث عوام شدید اضطراب میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 70سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں اور یہ واقعہ اب ایک قومی سانحہ اختیار کر چکا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس وقت سب سے پہلی اور اہم ترین ترجیح قیمتی انسانی جانوں کو بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے اسباب کا تعین ضرور کیا جائے گا تاہم اس وقت تمام تر توجہ جان بچانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی بحالی کے لیے شہر کے تین بڑے بلڈرز سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ متاثرہ تاجروں کو جلد از جلد ریلیف دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موقع پر ڈھائی ہزار پانی کی بوتلیں فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ جب تک ریسکیو کام جاری ہے متاثرین کے لیے کھانے کا انتظام ذاتی طور پر کریں گے۔گورنر سندھ نے ایک حاملہ خاتون کے اندر موجود ہونے کی اطلاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب تک متاثرہ افراد کے نقصانات کا مکمل ازالہ نہیں ہو جاتا وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور عوام کے لیے جہاں جانا پڑا وہاں جائیں گے۔

مزید خبریں