سینیٹ اجلاس،قانون سازی کے متعدد اہم سرکاری و نجی بل ایوان بالا میں پیش

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):سینیٹ کے اجلاس میں پیر کو قانون سازی کے متعدد اہم سرکاری و نجی بل ایوان میں پیش کر دیئے گئے۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام پیش ہونے والے بلز کو مزید غور و خوض اور سفارشات کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا۔اجلاس کے دوران مسلم عائلی قوانین ترمیم بل 2026 ایوان میں پیش کیا گیا۔ یہ بل عائلی قوانین میں اصلاحات کے حوالے …

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):سینیٹ کے اجلاس میں پیر کو قانون سازی کے متعدد اہم سرکاری و نجی بل ایوان میں پیش کر دیئے گئے۔ چیئرمین سینیٹ نے تمام پیش ہونے والے بلز کو مزید غور و خوض اور سفارشات کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا۔اجلاس کے دوران مسلم عائلی قوانین ترمیم بل 2026 ایوان میں پیش کیا گیا۔ یہ بل عائلی قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے پیش کیا گیا جسے سینیٹر سرمد علی نے سینیٹ کے سامنے رکھا۔ بل کا مقصد عائلی قوانین کو موجودہ سماجی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔اسی طرح قومی تطبیق آبادی و تولیدی صحت بل 2026 سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ایوان میں پیش کیا۔

بل آبادی کی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت سے متعلق پالیسی فریم ورک کو موثر بنانے سے متعلق ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔انتخابات ترمیمی بل 2026 سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی نے پیش کیا جس کا مقصد انتخابی قوانین میں اصلاحات اور انتخابی عمل کو مزید شفاف اور موثر بنانا ہے۔اجلاس میں غیرت کے نام پر قتل کی روک تھام کا بل 2026 بھی پیش کیا گیا جس کا مقصد اس سنگین سماجی جرم کی موثر روک تھام اور سزا کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔مزید برآں عائلی عدالتیں ترمیمی بل 2026 اور عالی عدالتیں ترمیمی بل بھی ایوان میں پیش کئے گئے۔

دونوں بلز سینیٹر سرمد علی نے پیش کئے جن کا مقصد عدالتی نظام میں بہتری اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔مالی اور ڈیجیٹل شعبے سے متعلق انضباط ورچوئل اثاثہ جات بل 2026 سینیٹر افنان اللہ نے ایوان میں پیش کیا۔ بل کا مقصد ورچوئل اثاثہ جات اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبے کے لیے ایک منظم قانونی فریم ورک فراہم کرنا ہے۔عوامی ٹرانسپورٹ سے متعلق اسلام آباد میٹرو بس سروس بل 2026 بھی سینیٹ میں پیش کیا گیا جسے سینیٹر سرمد علی نے ایوان کے سامنے رکھا۔

بل کا مقصد میٹرو بس سروس کے انتظامی و قانونی معاملات کو بہتر بنانا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ ایوان میں پیش کیے گئے تمام بلز کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیا گیا ہے تاکہ ان پر تفصیلی غور، مشاورت اور سفارشات مرتب کی جا سکیں۔دریں اثناء سینیٹ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے قانون میں ترمیمی بل کی منظوری بھی دے دی۔ یہ بل سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پیش کیا تھا جس کا مقصد انسانی سمگلنگ جیسے سنگین جرم کی موثرطریقے سے روک تھام اور قانونی کارروائی کو مزید سخت بنانا ہے۔

مزید خبریں