اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو قومی اسمبلی میں اراکین اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ اور دیگر کی جانب سے پیش کئے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہی۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری …
حکومت بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو قومی اسمبلی میں اراکین اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ اور دیگر کی جانب سے پیش کئے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہی۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ جن ممالک کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات ہیں، وہاں تعلیم، کاروبار، سیاحت یا نجی دوروں کے لئے جانے والے شہریوں کی درخواستوں اور دستاویزات کے عمل کو زیادہ سے زیادہ آسان بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ویزا کے اجرا ء کا حتمی اختیار متعلقہ ملک کے پاس ہوتا ہے تاہم وزارتِ خارجہ اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ پاکستانی شہریوں کے لئے درخواست اور دستاویزی کارروائی سہل اور ہموار ہو۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ حال ہی میں پاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بیرونِ ملک مقیم اور کاروبار کرنے والے ہزاروں ممتاز پاکستانیوں نے شرکت کی اور سفر و ایئرپورٹس پر درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ ان تجاویز کی روشنی میں ایئرپورٹس پر خصوصی سہولت ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جہاں مسافروں کی دستاویزات کی تصدیق اور رہنمائی کی جاتی ہے تاکہ سفر کا عمل تیز اور آسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش جائیداد سے متعلق مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت نے خصوصی عدالتیں قائم کی ہیں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان مقدمات کو بروقت نمٹایا جائے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزا سے متعلق حالیہ مسائل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ذاتی کوششوں سے حل کئے گئے جس کے نتیجے میں پاکستانی سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزا فری انٹری پر اتفاق ہوا۔ اسی طرز پر دیگر ممالک کے ساتھ بھی سہولیات میں بہتری اور شکایات کے ازالے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بیرونِ ملک تعلیم یا علاج کے لئے جانے والے پاکستانی طلبہ اور مریضوں کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے زور دے کر کہا کہ درست سفری دستاویزات اور ویزا رکھنے والے کسی بھی پاکستانی کو بورڈنگ سے نہیں روکا جاتا اور اگر کوئی مسئلہ درپیش آتا ہے تو وہ صرف نامکمل یا متنازعہ دستاویزات کی وجہ سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ قانونی طور پر سفر کرنے والے تمام شہری بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے اپنے سفر پر روانہ ہو سکیں۔








