اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور وزیراعظم سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، سیاست کو سیاسی انداز میں ہونا چاہئے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے ایوان کی مضبوطی کے …
حکومت اور وزیراعظم سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، سیاست کو سیاسی انداز میں ہونا چاہئے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور وزیراعظم سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، سیاست کو سیاسی انداز میں ہونا چاہئے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے ایوان کی مضبوطی کے حوالے سے جو بات کی ہے اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تعلق ایک زیرک سیاستدان گھرانے سے ہے، ان کی ہمیشہ پاکستان کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پہلے بھی اپوزیشن بنچز پر جا کر مذاکرات کرنے کی دعوت دی تھی، اب بھی حکومت اور وزیراعظم سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کو سیاسی انداز میں ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم سیاستدانوں نے اپنے سیاسی رویوں کی وجہ سے پولیٹیکل سپیس ختم کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور اپوزیشن کے نام پر ملک اور اس کے اداروں کے خلاف بیانیے بنائے جاتے ہیں اور ایسے ٹویٹس کئے جاتے ہیں جن کا دفاع ان کی اپنی جماعت بھی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا امن ہماری ترجیح ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی بات ہو تو ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، دوہرا معیار نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا، قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کی بحالی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی جانب سے اچھے کاموں پر حکومت کا ساتھ دینے کی بات موجودہ اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے پہلا جذبہ اور سوچ ہے جس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔








