انقرہ ۔24جنوری (اے پی پی):ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے کہا ہے کہ غزہ کے لیے قائم کیے گئے بورڈ آف پیس میں شریک ممالک کی حتمی تعداد 25 سے 30 تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات ترک ٹی وی چینل این ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔حاکان فدان کے مطابق اس وقت بورڈ میں 19 ممالک شامل ہیں جبکہ بعض ممالک نے شمولیت کے لیے …
غزہ بورڈ آف پیس میں شریک ممالک کی تعداد 25 سے 30 تک پہنچنے کا امکان، ترک وزیر خارجہ
مزید خبریں
انقرہ ۔24جنوری (اے پی پی):ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فدان نے کہا ہے کہ غزہ کے لیے قائم کیے گئے بورڈ آف پیس میں شریک ممالک کی حتمی تعداد 25 سے 30 تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات ترک ٹی وی چینل این ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔حاکان فدان کے مطابق اس وقت بورڈ میں 19 ممالک شامل ہیں جبکہ بعض ممالک نے شمولیت کے لیے مزید وقت مانگا ہے، خاص طور پر جرمنی سے متعلق عمل مکمل ہونے کے بعد۔ ان کا کہنا تھا کہ اندازہ ہے کہ مزید چھ یا سات ممالک اس فورم میں شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ جرمن چانسلر فریڈرک مرز اس بورڈ میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کر چکے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ موجودہ گورننس ڈھانچے کی صورت میں جرمنی اس میں شامل نہیں ہو سکتا۔ترک وزیر خارجہ نے بتایا کہ ترکی فلسطین کے معاملے پر قازقستان، ازبکستان اور آذربائیجان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
ان کے مطابق یورپ اور لاطینی امریکا کے بعض ممالک بھی اس گروپ کا حصہ ہیں۔حاکان فدان نے کہا کہ ترکی فلسطینی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا، تاہم انہوں نے اس عمل کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب معاملہ مذاکرات کی میز تک آ چکا ہے جہاں مختلف اور متضاد مفادات رکھنے والے ممالک اپنے اپنے مؤقف کے لیے سرگرم ہیں۔
یاد رہے کہ 22 جنوری کو ڈیووس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر 19 ممالک کے نمائندوں نے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس کے قیام کے چارٹر پر دستخط کیے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق مستقبل میں 50 سے زائد ممالک اس بورڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ اقدام اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والے معاہدے کی بنیاد پر سامنے آیا ہے، تاہم اس فورم کا دائرہ کار دیگر خطوں میں تنازعات کی روک تھام اور حل تک بھی پھیلایا جائے گا۔








