تہرا ن ۔24جنوری (اے پی پی):ایران کی وزارتِ خارجہ نے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کی گئی ایران مخالف قرارداد کو ’’مداخلت پسند اور غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔شنہوا کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد میں ایران میں حالیہ واقعات سے متعلق ’’جھوٹے اور غلط الزامات‘‘ عائد کیے گئے …
یورپی پارلیمنٹ کی قرار داد مداخلت پسند اور غیر ذمہ دارانہ ہے ، ایران کی شدید مذمت
تہرا ن ۔24جنوری (اے پی پی):ایران کی وزارتِ خارجہ نے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کی گئی ایران مخالف قرارداد کو ’’مداخلت پسند اور غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔شنہوا کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد میں ایران میں حالیہ واقعات سے متعلق ’’جھوٹے اور غلط الزامات‘‘ عائد کیے گئے ہیں، جو ملک کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کے مترادف ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ایران پر ظالمانہ پابندیوں کی حمایت، امریکا کی غیر قانونی پابندیوں کی پیروی اور جون میں ایران کے خلاف فوجی جارحیت پر اسرائیل کے ساتھ مبینہ شراکت داری کے باعث یورپی پارلیمنٹ انسانی حقوق پر لیکچر دینے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رکھتی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنے شہریوں کی سلامتی، عوامی نظم و ضبط اور قومی خودمختاری کے تحفظ کا پابند ہے اور کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی، بیرونی خطرے یا مداخلت کے خلاف ضروری اقدامات کرے گا۔
وزارت نے خبردار کیا کہ ایرانی مسلح اور سیکیورٹی اداروں سے متعلق کسی بھی ’’غیر قانونی اور مداخلت پسند‘‘ فیصلے یا مؤقف کے جواب میں متقابل اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ یورپی پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز ایک قرارداد منظور کی تھی، جس میں ایرانی حکومت پر حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا گیا، ایرانی عوام کے ساتھ ’’مکمل یکجہتی‘‘ کا اظہار کیا گیا اور اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔








