اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):مری ایکسپریس وے کو موسم کی بہتری کے بعد ہفتہ کے روز جزوی طور پر دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کے ترجمان کے مطابق موسم کے بدلتے ہوئے رجحانات اور ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیش نظر اگر حالات خراب ہوئے تو ایکسپریس وے کو دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ …
موسم میں بہتری ، مری ایکسپریس وے جزوی طور پر کھول دی گئی
اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):مری ایکسپریس وے کو موسم کی بہتری کے بعد ہفتہ کے روز جزوی طور پر دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کے ترجمان کے مطابق موسم کے بدلتے ہوئے رجحانات اور ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیش نظر اگر حالات خراب ہوئے تو ایکسپریس وے کو دوبارہ بند کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ شدید برف باری کے دوران موٹروے پولیس نے پوری لگن اور جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دیئے۔ موجودہ صورتحال کے مطابق ایک منصوبہ بند حکمت عملی کے ذریعے ٹریفک کا موثر انتظام کیا گیا جبکہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہے اور ذاتی طور پر آپریشنز کی قیادت کی۔ترجمان نے بتایا کہ 26 اور 27 جنوری کو مری اور گلیات ریجن میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان نے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ موٹروے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، افسران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورس رہنمائی فراہم کرتی رہے گی اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ترجمان نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ ایمرجنسی کی صورت میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ انہوں نے مسافروں پر زور دیا کہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل فورس کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز سے رہنمائی حاصل کریں۔









