اسلام آباد میں 7 رمضان بازار، تمام بازار کیش لیس ہوں گے، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ معیاری اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ ہفتہ کو یہاں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، چیف آفیسر …

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ معیاری اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ ہفتہ کو یہاں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن، چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ اور ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں سات کے قریب رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ تین ہفتہ وار بازاروں کو بھی رمضان بازاروں میں تبدیل کیا جائے گا۔حکام نے بتایا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کے ساتھ ساتھ بہارہ کہو، پاکستان ٹاؤن اور ترنول میں اضافی رمضان بازار قائم کیے جائیں گے جس کا مقصد عوام کو سستی قیمتوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بازاروں میں کیش اینڈ کیری آؤٹ لیٹس کے ساتھ ساتھ مختلف کمپنیوں کے سٹالز بھی شامل ہوں گے جبکہ عید الفطر سے قبل رمضان کے آخری 10 دنوں میں "چاند بازار” کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام رمضان بازاروں کو کیش لیس بنایا جائے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو آسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے اور رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مقامات پر تمام تعمیراتی اور مرمتی کام مکمل کر لیے جائیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ باقاعدگی سے بازاروں کا دورہ کرکے انتظامات کی نگرانی کریں اور قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ آرگینک اشیاء کی فروخت کے لیے خصوصی سٹال بھی مختص کیے جائیں، کھانے پینے کی اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صارفین کے لئے ایک موثر اور فوری شکایت کے ازالے کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ تمام اوقاف مساجد اور امام بارگاہوں کی دیکھ بھال اور حفاظتی انتظامات رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے جبکہ فیصل مسجد اور دیگر مساجد میں روشنی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔محمد علی رندھاوا نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر کے کھیلوں کے میدانوں میں مختلف صحت مندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد ماہ مقدس کے دوران شہریوں کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

 

مزید خبریں