حکومت ٹیکس نظام کو مزید سادہ اور موثر بنانے اور برآمدات کے لیے سازگار ماحول کو مضبوط بنانے میں پرعزم ہے،وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کاکراچی میں اجلاس سے خطاب

حکومت ٹیکس نظام کو مزید سادہ اور موثر بنانے اور برآمدات کے لیے سازگار ماحول کو مضبوط بنانے میں پرعزم ہے،وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کاکراچی میں اجلاس سے خطاب

کراچی۔28اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ حکومت تجارت کو سہولت فراہم کرنے، ٹیکس نظام کو مزید سادہ اور موثر بنانے اور برآمدات کے لیے سازگار ماحول کو مضبوط بنانے میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کوکراچی میں آل پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے اہم رہنمائوں و نمائندوں کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں کہی ۔ اجلاس میں ٹیکس پالیسی، حالیہ بجٹ میں برآمدکنندگان کے لیے اعلان کردہ ٹیکس ریلیف اور برآمدی شعبے کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت نے برآمدکنندگان کو حکومت کی ٹیکس پالیسی اور حالیہ بجٹ میں برآمدی شعبے کے لیے متعارف کرائے گئے ٹیکس ریلیف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے برآمدکنندگان کے مسائل اور تحفظات بھی سنے اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت تجارت کو سہولت فراہم کرنے، ٹیکس نظام کو مزید سادہ اور مثر بنانے اور برآمدات کے لیے سازگار ماحول کو مضبوط میں پرعزم ہے۔

انہوں نے اجلاس کے شرکا کو بجٹ کے بعد حکومت کی جانب سے نوٹیفائی کی گئی ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن کمیٹیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی اوربتایا کہ ان کمیٹیوں کا مقصد برآمدات کو سہولت فراہم کرنا، برآمدکنندگان کی جانب سے اٹھائے جانے والے مسائل کے حل میں مدد دینا، تنازعات کے خوش اسلوبی سے تصفیے کے لیے موثر طریقہ کار فراہم کرنا اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ برآمدکنندگان کو ٹیکس حکام کی جانب سے غیر ضروری ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیر مملکت نے برآمدات پر مبنی صنعتی ترقی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے صنعت و تجارت سے وابستہ نمائندوں کو یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے پالیسی سپورٹ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور صنعت کے ساتھ رابطے کے ذرائع کھلے رکھے جائیں گے۔اجلاس میں صنعت کے نمائندوں نے حکومتی مشاورت کے عمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹیکس سے متعلق عملی اور انتظامی مسائل کے حل اور برآمدات کی رفتار تیز کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔برآمدکنندگان نے وزیر مملکت کی جانب سے صنعت کے مسائل کے حل، برآمدکنندگان کو سہولیات کی فراہمی اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔اجلاس میں ملک کے بڑے تجارتی اور برآمدی اداروں کے سرکردہ کاروباری رہنمائوں اور اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔

شرکا میں پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان سی فوڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان کاٹن مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان کاٹن فیشن ایسوسی ایشن، پاکستان بیڈ ویئر ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان ڈینم مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، آل پاکستان بیڈ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور دیگر اہم تجارتی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔اجلاس میں چمڑے، مچھلی، دستانوں، چاول، پھل و سبزیوں اور گوشت کی برآمد سے وابستہ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں