ریاض ۔26جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں انٹرنیشنل ٹرمینل 2 کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق اس موقع پر انٹرنیشنل ٹرمینلز 1 اور 2 کی ترقی اور توسیع کے منصوبے کی تکمیل کا بھی اعلان کیا گیا، یہ اقدام شہری ہوابازی کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی اور مملکت کے …
سعودی عرب،کنگ خالد ایئرپورٹ میں انٹرنیشنل ٹرمینل 2کا افتتاح
ریاض ۔26جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں انٹرنیشنل ٹرمینل 2 کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق اس موقع پر انٹرنیشنل ٹرمینلز 1 اور 2 کی ترقی اور توسیع کے منصوبے کی تکمیل کا بھی اعلان کیا گیا، یہ اقدام شہری ہوابازی کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی اور مملکت کے ہوائی اڈوں کی بڑھتی ہوئی سفری سرگرمیوں سے ہم آہنگ تیاریوں کا عکاس ہے۔ٹرمینلز کی ترقی کے منصوبے کے تحت جامع کام انجام دیے گئے جن میں آپریشنل نظاموں کی تجدید کاری، روانگی اور آمد کے حصوں میں توسیع اور دونوں ٹرمینلز کے اندر نقل و حرکت کے راستوں میں بہتری شامل ہے۔
ان اقدامات سے طریقہ کار میں روانی پیدا ہوئی، آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوا اور عالمی معیار کے مطابق مسافروں کے سفر کے تجربے کو بہتر بنایا گیا۔اسی تناظر میں اس منصوبے کے نتیجے میں ٹرمینلز ایک اور 2 کی مجموعی گنجائش بڑھ کر تقریباً 14 ملین مسافروں سالانہ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ صلاحیت تقریباً 6 ملین مسافروں تک محدود تھی۔ یوں گنجائش میں 130 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، جو دارالحکومت ریاض سے آنے اور جانے والے مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز انجینئر صالح الجاسر نے کہا کہ ٹرمینلز ایک اور دو کی ترقی کا افتتاح کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بہتری کے سفر میں ایک اہم مرحلہ ہے، یہ اقدام فضائی سفر میں تیز رفتار اضافے کا براہ راست جواب ہے اور قومی حکمت عملی برائے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کے اہداف کی تکمیل میں مددگار ہے، جس سے ہوابازی کے شعبے کی کارکردگی اور علاقائی و عالمی سطح پر مسابقت میں اضافہ ہوگا۔جنرل اتھارٹی برائے شہری ہوابازی کے سربراہ عبدالعزیز الدعیلج نے وضاحت کی کہ انٹرنیشنل ٹرمینلز 1 اور 2 کی توسیع اور انٹرنیشنل ٹرمینل 2 کے افتتاح سے کنگ خالد ایئرپورٹ کی سہولیات کی ترقی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
اس سے آپریشنل معیار بہتر ہوا ہے اور مطار کی مجموعی گنجائش میں اضافہ ہوا ہے تاکہ مسافروں اور ایئرلائنز کی توقعات پوری کی جا سکیں۔یہ منصوبہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جامع ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت ٹرمینلز کے استعمال کی ازسرنو تقسیم اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے مطابق ٹرمینلز 1 اور 2 کو قومی ایئرلائنز کی بین الاقوامی پروازوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، جو وژن سعودی عرب 2030 کے تحت فضائی نقل و حمل کے شعبے کی ترقی اور مملکت کو عالمی لاجسٹک مرکز بنانے کے ہدف کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔








