سیئول۔26جنوری (اے پی پی):جنوبی کوریا نے 2038 تک دو نئے بڑے جوہری بجلی گھر تعمیر کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق ملک کے وزیر برائے موسمیات، توانائی اور ماحولیات کم سنگ وان نےپریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ حکومت بجلی کی رسد اور طلب سے متعلق 11ویں بنیادی منصوبے کے تحت نئے جوہری بجلی گھروں کی تعمیر مقررہ شیڈول کے مطابق …
جنوبی کوریا کا 2038 تک دو نئے بڑے جوہری بجلی گھر تعمیر کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھنے کا اعلان
سیئول۔26جنوری (اے پی پی):جنوبی کوریا نے 2038 تک دو نئے بڑے جوہری بجلی گھر تعمیر کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق ملک کے وزیر برائے موسمیات، توانائی اور ماحولیات کم سنگ وان نےپریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ حکومت بجلی کی رسد اور طلب سے متعلق 11ویں بنیادی منصوبے کے تحت نئے جوہری بجلی گھروں کی تعمیر مقررہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھائے گی۔انہوں نے کہا کہ 11واں بنیادی منصوبہ، جسے فروری 2025 میں حتمی شکل دی گئی، 2024 سے 2038 کے عرصے کے لیے بجلی کی فراہمی کا لائحہ عمل طے کرتا ہے، جس میں 2037 اور 2038 کے دوران دو نئے بڑے جوہری بجلی گھر اور 2035 تک پہلے کمرشل سمال ماڈیولر ری ایکٹر کی تعمیر شامل ہے۔
وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام شعبوں میں کاربن اخراج میں کمی ناگزیر ہے، اور بجلی کی پیداوار کے شعبے میں کوئلے اور مائع قدرتی گیس پر انحصار کم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی کوریا کو قابلِ تجدید توانائی اور جوہری توانائی پر مبنی بجلی کے نظام کی جانب بڑھنا ہوگا۔ریاستی ادارے کوریا ہائیڈرو اینڈ نیوکلیئر پاور کمپنی لمیٹڈ کے مطابق جلد ہی نئے ری ایکٹرز کے مقامات کے لیے بولیاں طلب کی جائیں گی، جس کے بعد پانچ سے چھ ماہ تک مقام کے جائزے اور انتخاب کا عمل جاری رہے گا۔
منصوبے کے تحت 2030 کے شروع میں تعمیراتی اجازت نامے حاصل کرنے اور 2037 اور 2038 میں تعمیر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزارت کے مطابق 2026 سے 2040 کے عرصے کے لیے 12واں بنیادی منصوبہ مصنوعی ذہانت اور الیکٹرک گاڑیوں کے پھیلاؤ کے باعث بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کا اندازہ لگائے گا، جبکہ کاربن نیوٹرل توانائی کے امتزاج اور غیر مرکزی بجلی کے گرڈ کے لیے ایک سائنسی اور معروضی روڈ میپ بھی فراہم کرے گا۔








