میلبورن۔27جنوری (اے پی پی):آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ2026 کے دوران قابلِ استعمال فٹنس ٹریکرز (ویئریبل ڈیوائسز) ایک نیا تنازع بن گئے ہیں، جہاں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کارلوس الکاراز، جینک سنر اور آریانا سبالینکا کو میچوں کے دوران یہ آلات اتارنے کی ہدایت دی گئی۔ای ایس پی این کے مطابق یہ فٹنس ٹریکرز ایلیٹ سپورٹس میں کھلاڑیوں کی جسمانی کیفیت، کارکردگی، ریکوری اور نیند سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کے لیے …
آسٹریلین اوپن میں ٹاپ کھلاڑیوں کو فٹنس ٹریکرز اتارنے کی ہدایت

مزید خبریں
میلبورن۔27جنوری (اے پی پی):آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ2026 کے دوران قابلِ استعمال فٹنس ٹریکرز (ویئریبل ڈیوائسز) ایک نیا تنازع بن گئے ہیں، جہاں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کارلوس الکاراز، جینک سنر اور آریانا سبالینکا کو میچوں کے دوران یہ آلات اتارنے کی ہدایت دی گئی۔ای ایس پی این کے مطابق یہ فٹنس ٹریکرز ایلیٹ سپورٹس میں کھلاڑیوں کی جسمانی کیفیت، کارکردگی، ریکوری اور نیند سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کے لیے عام طور پر استعمال ہوتے ہیں اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف )کے ساتھ ساتھ مردوں اور خواتین کے ٹورز میں ان کی اجازت ہے۔
تاہم تاحال یہ اجازت گرینڈ سلام ٹورنامنٹس آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، یو ایس اوپن اور ومبلڈن اوپن ٹینس تک نہیں بڑھائی گئی۔ٹینس آسٹریلیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فی الحال گرینڈ سلام مقابلوں میں ویئریبلز کی اجازت نہیں، تاہم اس پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کے لیے بات چیت جاری ہے۔
بیلا روس کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون ویمنز کھلاڑی آریانا سبالینکا، جو 4 برسوں میں تیسرا آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیتنے کی کوشش میں ہیں، نے پابندی پر مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی ٹینس سیزن میں وہ باقاعدگی سے یہ ڈیوائسز استعمال کرتی ہیں اور گرینڈ سلامز کا اس حوالے سے مختلف مؤقف سمجھ سے بالاتر ہے۔دوسری جانب، مردوں کے سنگلز میں حالیہ 8 گرینڈ سلام ٹائٹلز آپس میں تقسیم کرنے والے سپین کے کارلوس الکاراز اور اٹلی کے جینک سنر کو بھی چوتھے راؤنڈ کے دوران چیئر امپائرز نے کلائی پر بندھی ڈیوائسز اتارنے کا کہا، جس پر دونوں نے قواعد کے تحت عمل کیا۔
ٹینس آسٹریلیا کے مطابق بعض ویئریبل ڈیوائسز کھلاڑیوں کو دل کی دھڑکن جیسے اندرونی بوجھ (انٹرنل لوڈ) سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہیں، جو کارکردگی کا جامع جائزہ لینے میں مدد دیتی ہیں۔ تاہم منتظمین کا کہنا ہے کہ آسٹریلین اوپن میں کھلاڑیوں کو دیگر ذرائع سے فاصلہ، رفتار، شاٹس کی سپیڈ اور سپن جیسے بیرونی ڈیٹا تک رسائی حاصل ہے۔فٹنس ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنی (ڈبلیوایچ او او پی ) نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ ان کی ٹیکنالوجی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بنائی گئی ہے اور اس ڈیٹا کو ختم کرنا کھلاڑیوں کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر کھیلنے کے مترادف ہے۔
آسٹریلین اوپن کے دو بار کے چیمپئن جینک سنر نے کہا کہ وہ میچ کے بعد ریکوری اور آئندہ مقابلوں کی تیاری کے لیے اس ڈیٹا کو اہم سمجھتے ہیں، تاہم انہوں نے امپائر کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے واضح کیا کہ قوانین کی پابندی ضروری ہے۔یہ معاملہ مستقبل میں گرینڈ سلام ٹورنامنٹس میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق ایک بڑی بحث کی بنیاد بنتا دکھائی دے رہا ہے۔








