"سری لنکا ویمنز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔”
سری لنکا ویمنز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کو شکست دے دی

مزید خبریں
کولمبو۔31جولائی (اے پی پی):سری لنکا ویمنز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان ویمنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
رنگیری دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی شوال ذوالفقار کی پہلی ٹی20 انٹرنیشنل نصف سنچری ٹیم کو فتح نہ دلا سکی، جبکہ سری لنکا کی امیشا دلانی نے ناقابل شکست شاندار سنچری اسکور کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، جو سری لنکا کی سرزمین پر ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اوپنر شوال ذوالفقار نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ انہوں نے منیبہ علی کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بھی جوڑے۔ منیبہ علی نے صرف 24 گیندوں پر 42 رنز بنائے جن میں 9 چوکے شامل تھے، تاہم وہ رن آٹ ہو گئیں۔ ٹی20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والی ایمان ناصر نے 21 رنز کی اننگز کھیل کر شوال کے ساتھ 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ آخر میں سائرہ جبین نے 8 گیندوں پر 12 رنز بنائے، جبکہ ایمن فاطمہ اور ام حانی نے بھی ایک، ایک چوکا لگایا۔177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا اور 7.1 اوورز میں 78 رنز بنا لیے۔ پاکستان کو پہلی کامیابی نشرا سندھو نے دلائی جنہوں نے 22 گیندوں پر 39 رنز بنانے والی چماری اتھاپتھو کو آٹ کیا۔ ام حانی نے فیلڈنگ اور بالنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے پہلے شاندار کیچ پکڑا، پھر وشمی گنارتنے کو آٹ کیا اور بعد ازاں ہرشیتھا سماراوکرما کے کیچ میں بھی کردار ادا کیا۔ نشرا سندھو نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حمنا بلال نے کاویشا دلہاری کو آٹ کیا، تاہم امیشا دلانی نے 64 گیندوں پر 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 101 رنز بنا کر اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل کی اور سری لنکا کو 19 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔پاکستان کی جانب سے ایمان ناصر اور بائیں ہاتھ کی اسپنر مومنہ ریاست نے ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔ شوال ذوالفقار نے ستمبر 2025 کے بعد پاکستان کے لیے واپسی کرتے ہوئے یادگار نصف سنچری اسکور کی، لیکن ان کی اننگز ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی۔سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 2 اگست کو اسی میدان، رنگیری دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔







