میلبورن۔27جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل)میں میلبورن سٹارز کے ساتھ مزید 2سال کے لئے نیا معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ کنٹریکٹنگ ایمبارگو کے آغاز سے چند گھنٹے قبل طے پایا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق اس معاہدے کے بعد گلین میکسویل جو بگ بیش لیگ (بی بی ایل )کی تاریخ کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے …
گلین میکسویل نے میلبورن سٹارز کے ساتھ دو سالہ نیا معاہدہ کر لیا

مزید خبریں
میلبورن۔27جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل)میں میلبورن سٹارز کے ساتھ مزید 2سال کے لئے نیا معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ کنٹریکٹنگ ایمبارگو کے آغاز سے چند گھنٹے قبل طے پایا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق اس معاہدے کے بعد گلین میکسویل جو بگ بیش لیگ (بی بی ایل )کی تاریخ کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، کم از کم 39 برس کی عمر کے بعد بھی اس لیگ میں سٹارز کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
میلبورن سٹارز کی ٹیم اب تک بی بی ایل کا کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکی اور اس کا رواں سیزن ناک آؤٹ مرحلے میں شکست کے بعد ایک بار پھر خواب ادھورا رہ گیا تھا۔گزشتہ سیزن گلین میکسویل کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، جہاں انہوں نے 8 اننگز میں صرف 76 رنز بنائے اور 2 وکٹیں حاصل کیں تھی۔ اس کے باوجود انہیں سڈنی تھنڈر کی جانب سے پرکشش پیشکش موصول ہوئی تھی، تاہم انہوں نے میلبورن سٹارز کے ساتھ وابستگی کو ترجیح دی۔
گلین میکسویل نے کہا کہ میلبورن سٹارز ان کے کرکٹ کیریئر کا اہم حصہ رہا ہے اور وہ اس ٹیم کی کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ سکواڈ کسی خاص ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے اور آئندہ دو سیزنز میں ٹائٹل کے لیے بھرپور مقابلہ کرے گا۔میلبورن سٹارز کے ہائی پرفارمنس منیجر کلنٹ میک کے نے کہا کہ گلین میکسویل طویل عرصے سے دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور ٹیم کے ساتھ ان کی وابستگی کلب کے لیے بے حد قیمتی ہے۔
میلبورن سٹارز نے نوجوان بلے باز کیمبل کیل اوے کے ساتھ بھی 2 سالہ معاہدے میں توسیع کر دی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اس کھلاڑی نے رواں سیزن 21.50 کی اوسط سے 172 رنز بنائے۔کلنٹ میک کے کے مطابق کیمبل کیل اوے کی موجودگی ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو استحکام فراہم کرتی ہے اور انہوں نے اس سیزن اپنی صلاحیت ثابت کی ہے۔واضح رہے کہ منگل کی شام (اے ای ڈی ٹی) کنٹریکٹنگ ایمبارگو کے آغاز کے بعد 28 جنوری سے 5 فروری تک پلیئر موومنٹ ونڈو کھولی جائے گی، جس کے دوران کلب آف کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو سائن یا ٹریڈ کر سکیں گے۔








