وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے سلک وے امپیکس اور چینی بی آر آئی وفد کی ملاقات،پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے جمعرات کو سلک وے امپیکس اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) سے وابستہ اعلیٰ سطحی چینی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے جمعرات کو سلک وے امپیکس اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) سے وابستہ اعلیٰ سطحی چینی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دیرینہ، آزمودہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔قیصر احمد شیخ نے چینی وفد کو پاکستان میں معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن اور ویلیو ایڈڈ شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حال ہی میں منعقدہ پاک-چین معدنی تعاون فورم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا معدنی شعبہ غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل ہے اور اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ چینی وفد نے بالخصوص تانبے اور دیگر اسٹریٹجک معدنیات میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جو پاکستان کی صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

چینی وفد کی قیادت مسٹر ڈینگ یوبن، ہیڈ بی آر آئی، صوبہ یونان کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ ڈاکٹر ارفع اقبال نے وفد کو پاکستان کے سرمایہ کاری کے ترجیحی شعبوں، سہولت کاری کے نظام اور ون ونڈو آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔سلک وے امپیکس کے چیف جیالوجسٹ پروفیسر ہائیتاؤ یوان نے معدنی شعبے کے لیے ایک طویل المدتی وژن پیش کرتے ہوئے پاکستان میں پائیدار اور جدید بنیادوں پر معدنی ترقی کے امکانات کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت، شفاف پالیسی فریم ورک اور سرمایہ کاری دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔