ایران امن کا خواہاں ہے، مگر غیر ملکی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے، ایرانی سفیر رضا امیری

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، تاہم کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے میں میڈیا بریفنگ کے دوران سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، ساتھ …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، تاہم کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے میں میڈیا بریفنگ کے دوران سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، ساتھ ہی مارکیٹ کے استحکام کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایرانی حکومت احتجاج کے حق کو تسلیم کرتی ہے، اور ابتدا میں شہریوں نے پُرامن مظاہرے کیے جن میں سپریم لیڈر کی تصاویر اور ایرانی پرچم اٹھائے گئے تھے۔

سفیر نے کہا کہ سپریم لیڈر نے ہدایت دی کہ احتجاج کرنے والوں کے مسائل حل کیے جائیں اور پہلی مرتبہ احتجاجی نمائندوں کو کابینہ کے اجلاس میں مدعو کیا گیا تاکہ ان کے تحفظات سنے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پُرتشدد عناصر جدید ہتھیار استعمال کر رہے تھے، جبکہ حکومت نظم و نسق برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کے جائز مطالبات حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

سفیر رضا امیری مقدم نے جنگ کو روکنے کی کوششوں میں پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا کسی بھی سربراہِ مملکت کو نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ سفارتی حل پر ہی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے مظاہروں سے متعلق تشویشناک اعداد و شمار بھی پیش کیے، جن کے مطابق تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں بڑی تعداد سیکیورٹی اہلکاروں کی بھی شامل ہے، جبکہ سرکاری اور شہری انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

آخر میں ایرانی سفیر نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران امن کے لیے کوشاں ہے، مگر کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششیں کامیاب ہوں گی اور کہا کہ ابھی امید باقی ہے کہ جنگ نہ ہو تاہم ان کوششوں کی کامیابی ہمارے اور مخالف فریق کے ہاتھ میں ہے۔

مزید خبریں