پاکستان و بھارت انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی کیلئے کل مد مقابل ہوں گے

لاہور۔31جنوری (اے پی پی):پاکستان اور بھارت کی انڈر19 ٹیمیں انڈر19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے یکم فروری کو سپر سکس مرحلے میں آپس میں ٹکرائیں گی ،انگلینڈ،آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہیں۔ انڈر19 ورلڈ کپ سپر سکس مقابلے میں بھارت کی جیت اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی جبکہ پاکستان کی بھارت کے خلاف صرف جیت …

لاہور۔31جنوری (اے پی پی):پاکستان اور بھارت کی انڈر19 ٹیمیں انڈر19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے یکم فروری کو سپر سکس مرحلے میں آپس میں ٹکرائیں گی ،انگلینڈ،آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہیں۔

انڈر19 ورلڈ کپ سپر سکس مقابلے میں بھارت کی جیت اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی جبکہ پاکستان کی بھارت کے خلاف صرف جیت اسے سیمی فائنل تک رسائی نہیں دے گی ،انہیں بھارت کے خلاف بھاری مارجن سے جیت کی ضرورت ہوگی کیونکہ بھارت کا رن ریٹ پاکستان سے بہت بہتر ہے ۔

اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے تو پاکستان کو بھارت سے 105 یا زیادہ رنز سے فتح حاصل کرنی ہوگی،اتنے مارجن سے فتح حاصل کرکے پاکستان گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل میںتو پہنچ سکتا ہے جو کہ مشکل نظر آتا ہے اور اگر پاکستان بھارت کے رنز کے ہدف کے لئے جاتا ہے تو پاکستان کو بہت تیزی سے مطلوبہ ٹارگٹ حاصل کرنا ہوگا۔اگر پاکستان کو 251 کا ٹارگٹ حاصل کرنا ہے تواسے یہ ٹارگٹ 4۔29 اوور میں حاصل کرنا ہوگا، اگر ٹارگٹ کم ہوتا ہے تو پاکستان کو اسے مارجینلی تیزی سے حاصل کرنا ہوگا۔

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے آخری میچ میں یکم فروری کو بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں مد مقابل ہوگی جہاں پہلی گیند مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 30 منٹ پر کروائی جائے گی۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں ہوا تھا، جہاں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس میچ میں سمیر منہاس نے 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر علی رضا نے چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سپر سکس مرحلے میں پاکستان کے چار پوائنٹس اور وہ گروپ ٹو میں تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی درکار ہے۔