لاہور۔31جنوری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں آٹھ ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے اس میگا ایونٹ میں یہ ٹیمیں کوالیفائنگ مراحل سے گزر کر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں اور اب عالمی سطح پر خود کو منوانے کے لیے پرامید ہیں۔اٹلی کی ٹیم پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ …
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آٹھ ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی

مزید خبریں
لاہور۔31جنوری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں آٹھ ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے اس میگا ایونٹ میں یہ ٹیمیں کوالیفائنگ مراحل سے گزر کر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں اور اب عالمی سطح پر خود کو منوانے کے لیے پرامید ہیں۔اٹلی کی ٹیم پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔
یورپی سب ریجنل کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کے بعد اٹلی نے یورپ ریجنل کوالیفائر کے آخری میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔وین میڈسن کی قیادت میں اٹلی کی ٹیم میں سابق جنوبی افریقی کھلاڑی جے جے اسمتھ بھی شامل ہیں۔اٹلی کو گروپ سی میں انگلینڈ، نیپال، اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔کینیڈا نے 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ڈیبیو کے بعد ایک بار پھر ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
امریکا ریجنل کوالیفائر میں ناقابل شکست رہنے والی کینیڈین ٹیم گروپ ڈی میں افغانستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میدان میں اترے گی۔ آل رائونڈر شیوم شرما اور نوجوان کپتان دلپریت بجوا ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔نمیبیا مسلسل چوتھی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا۔ افریقی ریجنل کوالیفائر میں مضبوط کارکردگی کے بعد ٹیم نے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔ جے جے اسمتھ اور کپتان گیرہارڈ ایراسمس ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ جان نکول لوفٹی ایٹن بھی اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔نیپال نے ایشیا-ای اے پی ریجنل کوالیفائر میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔
نیپالی ٹیم سنسنی خیز مقابلوں کے لیے مشہور رہی اور یو اے ای و قطر کے خلاف قریبی فتوحات حاصل کیں۔ 23 سالہ روہت پاڈل ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ دیپیندرا سنگھ ایری نائب کپتان ہوں گے، یہ نیپال کی تیسری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شرکت ہے۔نیدرلینڈز نے یورپی ریجنل کوالیفائر میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ساتویں بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ اسکاٹ ایڈورڈز کی قیادت میں ڈچ ٹیم گروپ اے میں بھارت، پاکستان اور امریکا کے خلاف کھیلے گی۔ ٹیم انتظامیہ کو اپنے تجربے اور حالات سے ہم آہنگ ہونے پر مکمل اعتماد ہے۔
عمان نے نیپال کے بعد ایشیا-ای اے پی ریجنل کوالیفائر میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے چوتھی بار ورلڈ کپ میں جگہ بنائی۔ نادیم خان اور جتن رامانندی نے وکٹوں کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا جبکہ جتندر سنگھ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ عمان کو گروپ بی میں سری لنکا، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور زمبابوے کا سامنا ہوگا۔اسکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کی جگہ ٹورنامنٹ میں شمولیت اختیار کی اور ساتویں بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا۔ آئی سی سی رینکنگ میں 14ویں نمبر پر موجود اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو متوازن اور مختلف حالات کے لیے تیار قرار دیا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے ایشیا-ای اے پی ریجنل کوالیفائر میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ کپتان محمد وسیم کی قیادت میں ٹیم نے آخری میچ میں جاپان کو شکست دے کر ایونٹ میں جگہ بنائی۔ علیشان شرفو کوالیفائر کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔امریکا نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تاریخی کارکردگی کی بنیاد پر براہ راست کوالیفائی کیا۔ پاکستان کے خلاف یادگار فتح اور سپر ایٹ تک رسائی کے بعد امریکی ٹیم ایک بار پھر متاثر کن کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہیڈ کوچ پبدو داسنائیکے کے مطابق ٹیم متوازن ،ہر شعبے میں مضبوط اور بڑی ٹیموں کو چیلنج کرنے کے لیے تیار ہے۔








