واشنگٹن۔1فروری (اے پی پی):امریکی مندوب سٹیو وٹکوف نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی ثالثی کے فریم ورک کے تحت روسی مندوب کیریل دمتریو کے ساتھ نتیجہ خیز اور تعمیری ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ العربیہ کے مطابق سٹیو وٹکوف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ ایکس ‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی وفد نے ہفتے کے روز فلوریڈا میں روس کے خصوصی مندوب …
یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روسی مندوب کے ساتھ تعمیری ملاقاتیں ہوئی ہیں، امریکی ایلچی

مزید خبریں
واشنگٹن۔1فروری (اے پی پی):امریکی مندوب سٹیو وٹکوف نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی ثالثی کے فریم ورک کے تحت روسی مندوب کیریل دمتریو کے ساتھ نتیجہ خیز اور تعمیری ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ العربیہ کے مطابق سٹیو وٹکوف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ ایکس ‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی وفد نے ہفتے کے روز فلوریڈا میں روس کے خصوصی مندوب کیریل دمتریو کے ساتھ نتیجہ خیز اور تعمیری ملاقاتیں کیں۔انہوں نے اس ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات ظاہر کرتی ہے کہ روس یوکرین میں امن کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔
پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ امریکی وفد میں سٹیو وٹکوف کے ساتھ وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور وائٹ ہاؤس کے مشیر جوش گرونباوم بھی شامل تھے۔ دوسری طرف روسی صدر ولادیمیر پوتین کے مندوب نے بھی واشنگٹن کے وفد کے ساتھ ملاقات کو تعمیری قرار دیا ہے۔
دریں اثنا، یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین امن مذاکرات کے حوالے سے امریکا سے مزید معلومات کا منتظر ہے اور اسے آئندہ ہفتے نئی ملاقاتوں کی توقع ہے۔ زیلنسکی نے اپنے رات کے ویڈیو خطاب میں مزید کہا کہ ہم امریکی فریق کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ہم ان سے آئندہ ملاقاتوں سے متعلق مخصوص تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں، ہم اگلے ہفتے ہونے والی ملاقاتوں پر بھروسہ کر رہے ہیں اور ان کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔روسی صدر کے مندوب یوکرین روس بحران سے متعلق امن مذاکرات کے نئے دور سے قبل امریکا واپس پہنچ چکے ہیں۔ کیریل دمتریو اس سے قبل امریکی مندوب سٹیو وٹکوف کے ساتھ بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔








