کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کے خلاف کریک ڈائون میں 2 ہزار سے زائد غیرملکی گرفتار

نوم پنہ۔1فروری (اے پی پی):کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ میں ملوث 2 ہزار سے زائد غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شنہوا کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ کمبوڈیا نے آن لائن فراڈ کے خلاف تازہ ترین کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 2044 غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آٹھ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد …

نوم پنہ۔1فروری (اے پی پی):کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ میں ملوث 2 ہزار سے زائد غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شنہوا کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ کمبوڈیا نے آن لائن فراڈ کے خلاف تازہ ترین کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 2044 غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان کے مطابق آٹھ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد کو جنوب مشرقی صوبہ سوائے ریئنگ کے شہر باویٹ میں واقع 22 عمارتوں پر مشتمل ایک کیسینو پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا، یہ شہر ویتنام کی سرحد سے متصل ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان ٹچ سوکھاک نے ایک نیوز ریلیز میں کہاکہ یہ واضح طور پر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کمبوڈین حکومت آن لائن فراڈ میں ملوث مجرموں کے خلاف کارروائیاں کبھی بھی نرم نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا مجرموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بلکہ ایک جہنم ہے۔جنوب مشرقی ایشیائی ملک نے سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف غیر معمولی ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، جس کا مقصد سکیورٹی، امن عامہ اور سماجی تحفظ کو برقرار رکھنا اور محفوظ بنانا ہے۔گزشتہ ہفتے کمبوڈیا کی آن لائن فراڈ کے خلاف قائم ایڈہاک کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران 23 قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 5106 آن لائن فراڈ کے مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 4534 کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں