انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ ،ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر18سالہ بینز،بائولرمینی ڈمسن رہے

لاہور۔8فروری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کا 16واں ایڈیشن زمبابوے اور نمیبیا میں شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوا جہاں مستقبل کے اسٹار کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور کئی ریکارڈز ٹوٹ گئے۔دو ممالک میں کھیلے گئے41 میچز کے بعد بھارت نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں 14 سالہ اوپنر ویبھو سوریاونشی کی تاریخی سنچری نے میچ کا رخ یکطرفہ …

لاہور۔8فروری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کا 16واں ایڈیشن زمبابوے اور نمیبیا میں شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوا جہاں مستقبل کے اسٹار کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور کئی ریکارڈز ٹوٹ گئے۔دو ممالک میں کھیلے گئے41 میچز کے بعد بھارت نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فائنل میں 14 سالہ اوپنر ویبھو سوریاونشی کی تاریخی سنچری نے میچ کا رخ یکطرفہ کر دیا۔ انہوں نے صرف 80 گیندوں پر 175 رنز بنائے، جس میں 15 چوکے اور 15 چھکے شامل تھے۔

یہ کارنامہ کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ فائنل میں بنایا گیا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے جس کی بدولت بھارت نے 9 وکٹوں پر 411 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔انگلینڈ کی جانب سے کیلب فالکنر کی شاندار 115 رنز کی اننگز کے باوجود ٹیم 100 رنز سے شکست کھا گئی ۔ سوریاونشی نے پورے ٹورنامنٹ میں 439 رنز 169.49 کے بہترین اسٹرائیک ریٹ سے بنائے اور ریکارڈ 30 چھکے لگا کر سب کی توجہ حاصل کی جبکہ مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز 18 سالہ بین میز کے نام رہا جنہوں نے 444 رنز بنائے، جن میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف شاندار 191 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔

بین میز کے ساتھی مینی ڈمسن نے 16 وکٹیں حاصل کر کے ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر تھامس ریو نے 330 رنز بنانے کے ساتھ 14 شکار کر کے پاکستان کے حمزہ ظہور کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ ڈسمسلز کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔افغانستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی دہراتے ہوئے تیسری مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جہاں انہیں چیمپئن بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ ڈیبیو کرنے والی ٹیم تنزانیہ نے بھی حوصلہ افزا کھیل پیش کیا اور گروپ ڈی میں ویسٹ انڈیز کو سخت مقابلہ دیا۔

سری لنکا اور جاپان کے درمیان گروپ اے کے میچ میں تاریخ رقم ہوئی جب دیمنتھا مہاویتھانا اور ویران چمودیتھا نے 328 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، جو انڈر 19 ورلڈ کپ اور یوتھ ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ ویران چمودیتھا نے اس میچ میں ٹورنامنٹ کا ریکارڈ 192 رنز بھی بنائے، تاہم سری لنکا نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکا۔جاپان کو اگرچہ بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، مگر ہیوگو تانی کیلی کی ناقابلِ شکست 101 رنز کی اننگز ان کے لیے یادگار ثابت ہوئی، جو نہ صرف ان کی پہلی یوتھ ون ڈے سنچری تھی بلکہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں جاپان کی تاریخ کی پہلی انفرادی سنچری بھی تھی۔

آسٹریلیا کے ول مالاجچک نے جاپان کے خلاف صرف 51 گیندوں پر سنچری بنا کر انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کیاجبکہ ویسٹ انڈیز کے شاکوان بیل نے جنوبی افریقہ کے خلاف 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کر کے ٹورنامنٹ کی بہترین بولنگ کارکردگی دکھائی تاہم یہ دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکیں۔گروپ 2 سے پاکستان، نیوزی لینڈ، زمبابوے اور بنگلہ دیش ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، اگرچہ پاکستان نے سپر سکس مرحلے میں بھارت کو سخت مقابلہ دیا جہاں فتح انہیں سیمی فائنل میں پہنچا سکتی تھی۔تنزانیہ، اسکاٹ لینڈ، جاپان اور امریکا نے 13ویں سے 16ویں پوزیشن کے پلے آف میں حصہ لیا، جہاں جاپان نے تنزانیہ کو شکست دے کر انڈر 19 ورلڈ کپ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی اور مجموعی طور پر 14ویں پوزیشن پر ٹورنامنٹ ختم کیا۔