تیسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر ڈویژنل ہاکی چیمپئن شپ کل (پیر)سے سرگودھا میں شروع ہوگی

سرگودھا۔ 08 فروری (اے پی پی):تیسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر ڈویژنل ہاکی چیمپئن شپ کل (9 فروری )سے آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ، میلہ منڈی روڈ سرگودھا میں شروع ہو رہی ہے جو 14 فروری تک جاری رہے گی ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والےاس قومی ایونٹ کی میزبانی سرگودھا کو سونپی گئی ہے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 9 ڈویژنز …

سرگودھا۔ 08 فروری (اے پی پی):تیسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر ڈویژنل ہاکی چیمپئن شپ کل (9 فروری )سے آسٹروٹرف ہاکی گراؤنڈ، میلہ منڈی روڈ سرگودھا میں شروع ہو رہی ہے جو 14 فروری تک جاری رہے گی ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والےاس قومی ایونٹ کی میزبانی سرگودھا کو سونپی گئی ہے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 9 ڈویژنز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ہر ٹیم 18 کھلاڑیوں اور 3 آفیشلز پر مشتمل ہوگی۔ ایونٹ کے دوران ٹیکنیکل آفیشلز، اولمپئنز، سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں اور دیگر معززمہمانوں کی شرکت بھی ہوگی۔

کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا کہ اس سطح کے قومی ہاکی ایونٹ کی میزبانی سرگودھا کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت مصروفیات کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور چیمپئن شپ کے انعقاد میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری نے بتایا کہ ٹیموں، آفیشلز اور شائقین کے لیے سکیورٹی، رہائش اور دیگر سہولیات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مقابلوں کے دوران مربوط انتظامی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق حسین بگٹی اور جنرل سیکرٹری رانا مجاہد اولمپین نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئن شپ قومی کھیل کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔