پشاور۔ 09 فروری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو الحاج مارکیٹ پی ڈی ایم اے رجسٹریشن پوائنٹ باڑہ خیبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تیراہ سے تعلق رکھنے والے آئی ڈی پیز سے ملاقات کی اور موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے مستحق خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین سے …
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا پی ڈی ایم اے رجسٹریشن پوائنٹ باڑہ خیبر کا دورہ، تیراہ سے تعلق رکھنے والے آئی ڈی پیز سے ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 09 فروری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو الحاج مارکیٹ پی ڈی ایم اے رجسٹریشن پوائنٹ باڑہ خیبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تیراہ سے تعلق رکھنے والے آئی ڈی پیز سے ملاقات کی اور موبائل رجسٹریشن وین کے ذریعے مستحق خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین سے براہِ راست گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ عملے کو شکایات کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ اس موقع پر انہوں نے تیراہ سے تعلق رکھنے والے آئی ڈی پیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اس وقت آپ شدید مشکلات اور تکلیف میں ہیں، میرا یہ فرض ہے کہ میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں، آپ کی مدد کروں اور ہر ممکن تعاون فراہم کروں۔
انہوں نے کہا کہ کل رات مجھے بتایا گیا تھا کہ اس علاقے میں جانا خطرناک ہو سکتا ہے لیکن میں نڈر لیڈر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی کارکن ہوں جو خطرات کی پرواہ نہیں کرتی تھیں اور اسی جذبے کے ساتھ میں یہاں آئی ہوں، موت جس دن آنی ہو، اسے کوئی نہیں ٹال سکتا، سیکیورٹی اہلکاروں نے مجھے آنے سے منع کیا، مگر میں نے سوچا کہ اس وقت ہمارے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے، آپ سب میرے بھائی ہیں اور دکھ و تکلیف کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہونا میرا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے شناختی کارڈ کے مسائل کے حل کیلئے یہاں نادرا کی رجسٹریشن وین موجود ہے تاکہ آپ کو آسانی سے یہ سہولت فراہم کی جا سکے، ہم آپ کے ہر مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔








