اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سینیٹر افنان اللہ خان نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے پر پوری قوم غم و غصے میں مبتلا ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے نہ صرف قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ …
اسلام آباد خودکش دھماکے جیسے واقعات پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہیں، سینیٹر افنان اللہ خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سینیٹر افنان اللہ خان نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے پر پوری قوم غم و غصے میں مبتلا ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے نہ صرف قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کو کمزور کرنے کی ایک سازش ہے جس کے تحت ملک میں فرقہ واریت اور لسانیت کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی قیادت اور پارلیمنٹ کے اراکین پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ طرز عمل اپنائیں اور ایسی باتوں سے گریز کریں جو نفرت اور تقسیم کو بڑھا دیں۔ سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ ماضی میں مربوط حکمت عملی اور آپریشنز کے ذریعے دہشت گردی کو بڑی حد تک کنٹرول کیا گیا تھا تاہم بعد میں بعض پالیسی فیصلوں کے باعث حالات دوبارہ خراب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سابق حکومت کے بعض اقدامات ریکارڈ پر موجود ہیں اور ان پالیسیوں کے اثرات آج بھی سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی قیادت کو ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے درست حکمت عملی اپنانا ہوگی، ورنہ حالات دوبارہ سنگین ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی یکجہتی اور ذمہ دارانہ بیانیے کی اشد ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی کے خطرے کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سانحے کے بعد تمام سرکاری سرگرمیاں منسوخ کر کے سوگ کا اظہار کیا ، اس حوالے سے غلط معلومات پھیلانا افسوسناک ہے۔








