لاہور۔10فروری (اے پی پی):صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے منگل کے روز پنجاب کے سب سے بڑے خواتین کے سپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کیا، انہوں نے پنجاب سٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی نے کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ …
سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب خواتین کھلاڑیوں کو کھیلوں کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کر رہا ہے، ملک فیصل ایوب کھوکھر

مزید خبریں
لاہور۔10فروری (اے پی پی):صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے منگل کے روز پنجاب کے سب سے بڑے خواتین کے سپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کیا، انہوں نے پنجاب سٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی نے کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پروائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب ملک سلیمان اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ کھیلتا پنجاب گیمز کی افتتاحی تقریب 11فروری کو پنجاب سٹیڈیم میں ہوگی۔صوبائی وزیر کھیلنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز میں پنجاب بھر کے تمام ڈویژنز سے تین ہزار سے زائد خواتین کھلاڑی 20 مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گی جن میں آرچری، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، باکسنگ، شطرنج، سائیکلنگ، ٹیپ بال کرکٹ، ہاکی، کراٹے، میٹ ریسلنگ، پیڈل ٹینس، رگبی، سوئمنگ، رسہ کشی، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ اور ووشو شامل ہیں، کھیلتا پنجاب پنک گیمز کا انعقاد صوبے کی خواتین کھلاڑیوں میں سپورٹس کلچر کے فروغ کے لیے کیا جا رہا ہے
تاکہ وہ بڑے پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کھیلتا پنجاب پنک گیمز صوبے بھر میں خواتین میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوں گی، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب خواتین کھلاڑیوں کو کھیلوں کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے، پنک گیمز کا مقصد صوبے بھر سے باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے،صوبائی وزیر کھیل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایونٹ کے انتظامات کو مزید موثر اور بہتر بنایا جائے۔کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کے دستے مارچ پاسٹ میں حصہ لیں گے جبکہ اولمپیئن فائقہ ریاض قومی پرچم کے ساتھ مارچ پاسٹ کو لیڈ کریں گی، نوجوان خواتین کھلاڑی کھیلتا پنجاب پنک گیمز کی مشعل لے کر سٹیڈیم کا چکر بھی لگائیں گی، رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں میوزیکل پرفارمنسز بھی پیش کی جائیں گی۔کھیلتا پنجاب پنک گیمز کے مقابلے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن پر منعقد کئے جارہے ہیں۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام یہ مقابلے 11سے15فروری تک نشترپارک سپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوں گے۔








