لاہور۔11فروری (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ میں اس بار ایک نیا اور تاریخی باب رقم ہو گیا جب پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے روایتی ڈرافٹ کے بجائے آکشن کا طریقہ اختیار کیا گیا۔ 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں فرنچائزز نے کھلاڑیوں کو بولی کے ذریعے اپنی ٹیموں کا حصہ بنایا، جس سے لیگ میں نئی سنسنی اور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔اس سیزن میں ملتان سلطانز …
پی ایس ایل آکشن نئی انتظامیہ کے ساتھ میدان میں اتری

مزید خبریں
لاہور۔11فروری (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ میں اس بار ایک نیا اور تاریخی باب رقم ہو گیا جب پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے روایتی ڈرافٹ کے بجائے آکشن کا طریقہ اختیار کیا گیا۔ 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں فرنچائزز نے کھلاڑیوں کو بولی کے ذریعے اپنی ٹیموں کا حصہ بنایا، جس سے لیگ میں نئی سنسنی اور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔اس سیزن میں ملتان سلطانز نئی انتظامیہ کے ساتھ راولپنڈی کے نام سے میدان میں اتری ہے، جس سے شائقین کرکٹ میں مزید دلچسپی پیدا ہوگئی ہے۔ آل رائونڈرز کی پہلی لاٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے قومی آل رائونڈر فہیم اشرف کو 8 کروڑ50 لاکھ روپے کی نمایاں بولی کے ساتھ حاصل کیا۔ اگرچہ اس کیٹیگری میں عماد وسیم، محمد جنید، مہدی حسن میراز، حسین طلعت، آصف آفریدی، دانش عزیز اور محمد ذیشان دستیاب تھے تاہم انہیں کسی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا۔
دوسری لاٹ میں آسٹریلوی سٹار بیٹر ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے7 کروڑ90 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا، جب کہ جنوبی افریقہ کے رائیلی روسو5 کروڑ55 لاکھ روپے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حصے میں آئے۔ جہانزیب سلطان کو سیالکوٹ اسٹالینز نے60 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ اس مرحلے پر کولن منرو، عمیر بن یوسف، کامران غلام، جارج منسی اور سعود شکیل کو کوئی خریدار نہ مل سکا۔ تیسری لاٹ میں محمد علی کو2 کروڑ15 لاکھ روپے میں حیدرآباد نے حاصل کیا، جب کہ لاہور قلندرز نے حارث رائوف کو 7 کروڑ60 لاکھ روپے میں دوبارہ اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ انگلینڈ کے کرس جارڈن بھی اس مرحلے پر فروخت نہ ہوسکے۔ تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آمد پر فرنچائز مالکان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے قومی ٹیم کے ٹی 20 ورلڈکپ2026 کے لیے تیار کردہ مارخور ڈیزائن والی خصوصی ٹی شرٹس بطور تحفہ پیش کیں۔ دیگر نمایاں خریداریوں میں نسیم شاہ8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں راولپنڈی کا حصہ بنے
جبکہ اعظم خان کو کراچی کنگز نے3 کروڑ25 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ صاحبزادہ فرحان کو سیالکوٹ اسٹالینز نے5 کروڑ70 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ بنگلادیش کے آف اسپنر ارشاد حسین3 کروڑ روپے میں راولپنڈی کو ملے، جبکہ مہران ممتاز اسلام آباد یونائیٹڈ اور فیصل اکرم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ ایک کروڑ25 لاکھ روپے میں منسلک ہوگئے، یوں پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے والے اس آکشن نے لیگ کو ایک نیا انداز اور مسابقتی رنگ دے دیا ہے، جس سے آئندہ سیزن کے مقابلے مزید دلچسپ ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔








