میلان۔12فروری (اے پی پی):بیجنگ 2022 کے چیمپئن گیوم سیزرون نے میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس میں اپنی نئی ساتھی لارنس فورنیئر بیودری کے ساتھ آئس ڈانس کا طلائی تمغہ جیت کر اعزاز برقرار رکھا اور تاریخ ساز کامیابی اپنے نام کر لی۔شنہوا کے مطابق میلان آئس سکیٹنگ ایرینا میں فلم دی وہیل کی موسیقی پر پیش کیے گئے شاندار فری ڈانس میں فرانسیسی جوڑی نے تقریباً بے عیب کارکردگی دکھاتے ہوئے …
گیوم سیزرون نے سرمائی اولمپکس آئس ڈانس میں نئی تاریخ رقم کر دی

مزید خبریں
میلان۔12فروری (اے پی پی):بیجنگ 2022 کے چیمپئن گیوم سیزرون نے میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس میں اپنی نئی ساتھی لارنس فورنیئر بیودری کے ساتھ آئس ڈانس کا طلائی تمغہ جیت کر اعزاز برقرار رکھا اور تاریخ ساز کامیابی اپنے نام کر لی۔شنہوا کے مطابق میلان آئس سکیٹنگ ایرینا میں فلم دی وہیل کی موسیقی پر پیش کیے گئے شاندار فری ڈانس میں فرانسیسی جوڑی نے تقریباً بے عیب کارکردگی دکھاتے ہوئے 135.64 پوائنٹس حاصل کیے اور مجموعی سکور 225.82 کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
امریکا کے دفاعی عالمی چیمپئن میڈیسن چاک اور ایون بیٹس 224.39 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ شادی شدہ امریکی جوڑی نے اتوار کو ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ کینیڈا کے پائپر گِلز اور پال پوئیرے 217.74 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔فتح کے بعد گیوم سیزرون نے کہا کہ یہ سب کچھ غیر حقیقی لگ رہا ہے۔ ہم نے جس عزم اور حوصلے کے ساتھ یہ سفر طے کیا، اور جس محبت و حمایت نے ہمارا ساتھ دیا، یہ تمغہ ہمارے لیے ایک خاص حیثیت رکھتا ہے۔
یہ ایک بڑا چیلنج تھا، ہم نے پوری قوت سے مقابلہ کیا اور اس سے زیادہ خوش نہیں ہو سکتے۔گیوم سیزرون اولمپک تاریخ کے پہلے آئس ڈانسر بن گئے ہیں جنہوں نے دو مختلف پارٹنرز کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے بیجنگ 2022 میں گیبریئیلا پاپاداکس کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ گزشتہ سال مارچ میں انہوں نے فورنیئر بیودری کے ساتھ جوڑی بنائی اور مختصر عرصے میں نمایاں کامیابیاں سمیٹتے ہوئے جنوری میں یورپی ٹائٹل بھی جیت لیا۔ فورنیئر بیودری نے کہا کہ پورے ہفتے میرا ذہنی فوکس خاص رہا۔
کوچز، اہل خانہ اور گیوم سیزرون کی موجودگی نے مجھے اعتماد دیا۔ آج جب میں برف پر اتری تو محسوس ہو رہا تھا کہ کامیابی ہماری ہوگی۔ میں اس لمحے کو بھرپور انداز میں جینا چاہتی تھی کیونکہ ایسے مواقع بار بار نہیں ملتے۔اٹلی کی شارلین گینارڈ اور مارکو فابری 209.58 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ گینارڈ نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں، دوستوں اور خاندان کے لیے دل کی گہرائیوں سے پرفارم کرنا چاہتے تھے۔میلان کورٹینا سرمائی اولمپکس 2026میں یہ مقابلہ فن، مہارت اور اعصاب کی جنگ کا دلکش امتزاج ثابت ہوا، جہاں فرانسیسی جوڑی نے نئی تاریخ رقم کر کے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔








