شانگلہ۔ 14 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 13 برسوں سے خیبر پختونخوا کے عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی، صوبے کے عوام اب حقیقت اور سچ جان چکے ہیں اور جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا …
13 برسوں سے خیبر پختونخوا کے عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

مزید خبریں
شانگلہ۔ 14 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 13 برسوں سے خیبر پختونخوا کے عوام کو سبز باغ دکھانے والوں کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی، صوبے کے عوام اب حقیقت اور سچ جان چکے ہیں اور جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الپوری، شانگلہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو مشغول رکھنے کیلئے اب بانی پی ٹی آئی کو آنکھیں دینے، عید کے بعد کنٹینر سیاست کے نام پر دوبارہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر خیبر پختونخوا کے باشعور عوام ان کی آخری کال اور 8 فروری کی کال بھی دیکھ چکے ہیں اور اسے مسترد کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی پہیہ جام، کبھی شٹر ڈاؤن اور کبھی ٹول پلازے بند کرنے سے بانی پی ٹی آئی کو رہائی تو نہیں ملے گی، البتہ ان ہتھکنڈوں سے عوام کو تکلیف دے کر یہ سمجھ نہیں آتا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سے کس چیز کا بدلہ لیا جا رہا ہے۔ سڑکوں کی بندش اور احتجاجی سرگرمیوں سے کسی کی رہائی ممکن نہیں، مگر اس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شانگلہ کے عوام نے انہیں سیاست میں آنے کے بعد کبھی مایوس نہیں کیا اور نہ کبھی ہارنے دیا، انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں آر ٹی ایس کی بندش کے باوجود عوام نے انہیں اپنا مینڈیٹ دیا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کے سامنے وعدہ کرتا ہوں کہ نہ ماضی میں اپنے عوام کو مایوس کیا، نہ اب کروں گا اور نہ آئندہ کبھی کروں گا۔
ہر مشکل گھڑی میں جان و مال کی پرواہ کیے بغیر اپنے عوام کے درمیان رہا ہوں اور آئندہ بھی رہوں گا، کھلی کچہری جو ایک بڑے جلسہ کی شکل اختیار کر گئی میں شانگلہ کے عوام نے وفاقی وزیر کا بھرپور استقبال کیا اور بے پناہ محبت و اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہونے والے سرتاج خان، گل ہمین خان، عالمگیر خان، امان اللہ، رحیم اللہ، وسیع اللہ، نصیب اللہ، محمد رحمان، نعیم اللہ، لطیف اللہ، احسان اللہ، ثناء اللہ، اول محمد، پیر محمد، امجد خان، فضل رحمان، وحید اللہ، ذاکر اللہ، محمد امیر، واحد گل، نسیم اللہ، سعید اللہ، زید اللہ، کفایت اللہ، مہیب اللہ، فیض اللہ، مطیع اللہ، عبدالغفور، عبید اللہ، نصیر اللہ، ایوب خان، مومن خان، آمان اللہ خان، حضرت بلال، حضرت ہلال، ایلم خان، سردار علی خان اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خاندانوں اور ہزاروں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو پارٹی کیپ پہنائی، انہیں خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے ضلع شانگلہ میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے اور خیبرپختونخوا میں ترقی کا نیا دور شروع کیا جائے گا۔ نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے قائد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر خیبر پختونخوا وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والے تمام افراد کو پارٹی کیپ پہنا کر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا میں عوامی خدمت، ترقی اور حق کی سیاست کو مزید مضبوط بنائے گی۔








