مسلح افواج کی قربانیوں نے دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔وفاقی وزیررانا قاسم نون

ملتان۔ 14 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے شہداء کی لازوال قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے پاک فوج کےشہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی مقروض ہے جنہوں نے وطن عزیز کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ …

ملتان۔ 14 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ مسلح افواج کے شہداء کی لازوال قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے پاک فوج کےشہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی مقروض ہے جنہوں نے وطن عزیز کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شجاع آباد میں کبڈی میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا قاسم نون نے مزید کہا کہ یہ کھیل نہ صرف ہماری ثقافتی روایت کا حصہ ہے بلکہ اسے شہداء کی یاد سے منسوب کرکے قومی جذبے اور یکجہتی کو بھی فروغ دیا گیا ہے۔ چئیرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ ایسے ثقافتی کھیلوں کے انعقاد سے معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے، جو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے منعقدہ بسنت تقریبات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام محبت، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سول و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان کبڈی ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا کہ جنہوں نے اس ایونٹ کو باوقار انداز میں منعقد کیا۔