اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے کہا کہ محکمہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان قانون ساز اداروں کی مؤثر نگرانی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جدید کارکردگی آڈٹنگ کے طریقہ کار کو فروغ دے رہا ہے۔یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وہ لاہور میں منعقدہ تین ہفتوں پر مشتمل بین الاقوامی تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر …
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا جدید پرفارمنس آڈٹ کے طریقوں کے ذریعے پارلیمانی نگرانی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے کہا کہ محکمہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان قانون ساز اداروں کی مؤثر نگرانی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جدید کارکردگی آڈٹنگ کے طریقہ کار کو فروغ دے رہا ہے۔یہاں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وہ لاہور میں منعقدہ تین ہفتوں پر مشتمل بین الاقوامی تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے آڈیٹرز پر زور دیا کہ وہ تربیت کے دوران سیکھی گئی نئی تکنیکوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں استعمال کریں اوریہ تربیت ان کے کیریئر میں “ایک نئے باب کا آغاز” ثابت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی آڈٹ اداروں کی شرکت بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے اور آڈٹ برادری میں عالمی سطح پر علم کے تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔یہ پروگرام پرفارمنس آڈٹ ونگ کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں عمان، گیمبیا، نیپال اور پاکستان کی سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشنز اور سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے 20 شرکاء نے شرکت کی، جبکہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے نمائندگان بھی شامل تھے۔ڈائریکٹر جنرل پرفارمنس آڈٹ ونگ عامر فیاض نے بتایا کہ کورس میں آڈٹ سائیکل کے تمام مراحل میں کارکردگی آڈٹنگ کے “5Es” کا احاطہ کیا گیا، جس میں عملی تربیت اور پریزنٹیشن مہارتوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
شرکاء نے ابتدائی سروے رپورٹس تیار کیں، پرفارمنس آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لیا اور آڈٹ و مینجمنٹ ماہرین کی جانب سے ان کا تجزیہ کیا گیا۔ انہوں نے ذیلی اداروں کا دورہ بھی کیا تاکہ منصوبہ بندی اور مانیٹرنگ کے نظام کا مشاہدہ کر سکیں، اس کے علاؤہ شہر کے ثقافتی مقامات کی سیر بھی کی۔حکام کے مطابق یہ تربیت سرکاری شعبے میں شفافیت اور احتساب کو بہتر بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں کارکردگی، مساوات اور مؤثریت کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے پرفارمنس آڈٹنگ میں مسلسل پیشہ ورانہ ترقی ناگزیر ہے۔تقریب کے اختتام پر کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ لاہور چیپٹر کے تمام افسران، بالخصوص ڈی جی تو اے جی پی ہاشم رضا خٹک اس موقع پر موجود تھے۔








