لاہور۔20فروری (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے دیئے گئے اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر افسران نے آئی جی پنجاب کو پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں، فرنٹ ڈیسک، خدمت مراکز اور دیگر ورک پلیسز پر آنے …
آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، وزیر اعلی کی جانب سے دیئے گئے اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
لاہور۔20فروری (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے دیئے گئے اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر افسران نے آئی جی پنجاب کو پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں، فرنٹ ڈیسک، خدمت مراکز اور دیگر ورک پلیسز پر آنے والے شہریوں کی عزت نفس اور احترام کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو کالز کرکے پولیس رویوں بارے فیڈ بیک لیں اور ضروری ایکشن یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں بے جا تاخیراور دیگرشکایات پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے تھانوں کے باہر پینک بٹن کی تنصیب اور سڑکوں و ورک پلیسز پر اہلکاروں کو باڈی کیمز کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اہلکاروں کی ذہنی و جسمانی گرومنگ اور رویوں میں بہتری کیلئے باقاعدہ ٹریننگ سیشن جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں ایس ڈی پی اوز کے سپروائزری کردار کو موثر بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ مزید برآں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری کریک ڈائون کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنزسمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ آر پی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔









